بھارت جموں و کشمیر کی تہذیبی اور ثقافتی شناخت مسخ کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے،میر واعظ عمرفاروق کا عوامی اجتماع سے خطاب

جمعرات 12 مئی 2016 13:13

سرینگر ۔ 12 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں اپنے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمرفاروق نے کہاہے کہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ جموں و کشمیر کے مخصوص سیاسی تشخص ، تہذیبی اور ثقافتی شناخت کو مسخ کرنے کیلئے ہرقسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے سرینگر کے علاقے نور باغ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت حکومت اور کٹھ پتلی انتظامیہ جموں کشمیر کے انتظامی اور تعلیمی اداروں پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کیلئے ہر حربہ بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت اور کشمیری عوام کا ان اداروں پر حاصل اختیارات کو محدود کیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی حکمرانوں کے شہری اور دیہی علاقوں سے بھارتی فوجی کیمپ اور بنکر ہٹانے کے بلندو بانگ دعوے جھوٹے ثابت ہو ئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر و گام میں موجود فوجی کیمپ اور بنکر کلر کیمپوں کی صورت اختیار کر کے بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کا باعث بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کو چاہئے کہ وہ ان کیمپوں اور بنکروں کو ہٹانے کیلئے محض تجاویز دینے کی بجائے عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجی انخلا کے بغیر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سازگارماحول قائم نہیں ہو سکتا۔ میرواعظ نے نہتے کشمیریوں کے قتل میں ملوث فورسز اہلکاروں کو سزادینے کے حوالے سے سرکاری سطح پر قائم تحقیقاتی کمیشنوں کو ان خونین واقعات سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندواڑہ میں 5بے گناہ کشمیریون کے قتل میں ملوث اہلکاروں کو ابھی تک کیوں عدالت کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی سیاسی ، تہذیبی اور ثقافتی شناخت کو مسخ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف بھرپور مذاحمتی تحریک شروع کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :