عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، تمام مقدمات میں پیش ہونے کیلئے تیار ہیں، سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 11 مئی 2016 22:41

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مئی۔2016ء) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور تمام مقدمات میں پیش ہونے کیلئے تیار ہیں، بیٹے سے ملنے کیلئے بے تاب ہوں مگر عدالت میں پیش ہونا بھی ضروری تھا۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے میرے بیٹے کی بازیابی سے متعلق اطلاع سب سے پہلے افغان سفیر نے دی، میں نے ان سے پوچھا کہ آپ نے حکومت پاکستان کو نہیں بتایا تو انہوں نے جواب دیا کہ حکومت کو بھی بتادیا ہے، ان کے بعد مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ٹیلی فون پر بیٹے کی بازیابی سے متعلق آگاہ کیا۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے پر کارکنوں نے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر طارق محمود جہانگیری نے سابق وزیر اعظم کا استقبال کیا اور بار روم میں انہیں گلدستہ بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :