کوریا کے سبکدوش ہونیوالے سفیر سانگ چانگ ہوان کی وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمن سے الوداعی ملاقات

بدھ 11 مئی 2016 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مئی۔2016ء) سبکدوش ہونے والے کورین سفیر سانگ چانگ ہوان نے وزیرمملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام مسز انوشہ رحمن سے انکے دفتر میں الوداعی ملاقات کی۔ وفاقی سیکریٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان اورپاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کے ایم ڈی عاصم شہر یار بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور آئی ٹی کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے کورین سفیر کی بہترین خدمات کو سراہا اوراسلام آباد میں پہلے آئی ٹی پارک کی تعمیر کے حوالے سے سفیر موصوف کی خصوصی معاونت پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

جس پر کورین سفیر نے وزیرمملکت کو یقین دلایا کہ وہ آئی ٹی پارک کے منصوبے کو جلد پایۂ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی حکومت اور کورین ایگزم بنک کی اعلی قیادت سے مشاورت جاری رکھیں گے تاکہ یہ منصوبہ طے شدہ ٹائم فریم کے مطابق مکمل ہو سکے۔

(جاری ہے)

کورین سفیر نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کا شعبہ تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے۔اور یہاں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وہ ٹیکنالوجی سے وابستہ کورین کمپنیوں کو آمادہ کریں گے کہ وہ پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں اور اس روزافزوں ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوں۔کورین سفیر نے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبہ کی ترویج کیلئے موجودہ حکومت اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی خصوصاً انوشہ رحمن کی کاوشوں کوخوب سراہا۔