پاکستان سعودی عرب کا ہر آزمائش پر پورا ترنے والا دوست ملک ہے، دونوں ممالک اسلام کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعودی حکومت پاکستان کی حکومت کے ساتھ ملکر متاثرین آپریشن کی بھر پور امداد کر رہی ہے، دونوں ممالک

سعودی عرب اور پاکستان کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات ہیں سعودی عرب کے نائب سفیر جاسم بن محمد الخالدی کا کھجوروں کے تحائف متاثرین میں تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب

بدھ 11 مئی 2016 22:25

پاکستان سعودی عرب کا ہر آزمائش پر پورا ترنے والا دوست ملک ہے، دونوں ..

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مئی۔2016ء ) پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے نائب سفیر جاسم بن محمد الخالدی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کا ہر آزمائش پر پورا ترنے والا دوست ملک ہے دونوں ممالک اسلام کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعودی حکومت پاکستان کی حکومت کے ساتھ ملکر متاثرین آپریشن کی بھر پور امداد کر رہی ہے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی عوام اور حکومت سعودی حکومت اور عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان نے متاثرین اپریشن کے لیے 396 میٹرک ٹن کجھورکا تحفہ عالمی ادارہ خوارک کے حوالے کردیا۔

جو قبائل کے ایک لاکھ اڑتالیس ہزار متاثرین آپریشن اور غریب اور مستحق عوام میں تقسیم کیے جائیں متاثرین اپریشن کوبہت جلد سعودی حکومت کی جانب سے فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز جلوزئی کیمپ میں متاثرین اپریشن میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی جانب سے کھجوروں کے تحائف متاثرین میں تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر میڈیم لولا کاسترو ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے اسرار خان، ڈائریکٹر اپریشن ایف ڈی ایم اے ڈاکٹر قاسم علی خان، ڈپٹی سیکرٹری وزارت سفران مرزا محمد ثنا الحق اور سیکشن آفیسر ای اینڈ اے حسیب شہباز امین بھی موجود تھے۔

جاسم بن محمد الخالدی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب برادر اسلام ممالک ہونے کی وجہ سے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اورپاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب کی ہر موقع پر بھر پور حمایت کی اسی طرح سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے بھی ہمیشہ پاکستان کی ہر فورم پر بھر پور حمایت کی۔انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت396 میٹرک ٹن کھجوریں مستحق پاکستانیوں کو فراہم کی۔

یہ کھجوریں سعودی شاہ سلمان کی جانب سے بطور تحفہ دئیے گئے ہیں۔ یہ کھجوریں قبائل کے ایک لاکھ اڑتالیس ہزار رجسٹرڈ متاثرین اپریشن کو دی جائے گی۔جو اپنے گھروں کوواپس جارہے ہیں۔ انھوں نے خیبرپختونخوااور قبائلی علاقوں کے متاثرین کی بھر پور امداد کاوعدہ کیا اورکہا کہ سعودی حکومت پاکستان کی حکومت کے ساتھ ملکر ان متاثرین کی بھر پور امداد کرے گی۔

اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر لولا کاسترو نے کہاکہ ورلڈ فو ڈ پروگرام کے تحت متاثرین اپریشن کو بہترین اشیاء خورد ونوش فراہم کی جارہی ہے۔ورلڈ فوڈ پروگرام عطیات دینے والے ممالک اور مخیر حضرات کو خوش آمد ید کہتا ہے۔ ہم سعودی حکومت کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔ اور امید کرتے ہیں کہ سعودی حکومت اسی طرح متاثرین اپریشن کی امداد جاری رکھے گی۔

اور یہ کھجوریں اسی امداد اور تعاون کاسلسلہ ہے۔انھوں نے کہا کہ کھجوریں بہترین غذا ہے۔ جس سے انسانی جسم کو توانائی فراہم ہوتی ہے۔ سعودی نائب سفیر نے کیمپ میں متاثرین کے مسائل سے اگاہی حاصل کی۔ بعدازاں سفیر نے جلوزئی کیمپ میں ہسپتال کا دورہ کیا۔ اور وہاں پر متاثرین کی صحت کی سہولیات کاجائز ہ لیا۔ ادویات کے سٹور کامعائنہ کیا۔کافی دیر تک وہ کیمپ میں رہے بعدازاں چراٹ روڈ پر پی ڈی ایم اے اور ایف ڈی ایم اے اور عالمی ادارہ خوارک کے وائر ہاوس کادورہ کیا۔ انہیں جدید سٹورز کا دورہ بھی کرایا گیا۔

متعلقہ عنوان :