واسا کے پائپ گرنے سے کمسن بچہ جاں بحق ،بھائی اور دوست شدید زخمی ،ہسپتال منتقل

چیئرمین واسا کا نوٹس ،ایس ڈی او فیصل سرور اور سب انجینئر محمد عابد کو معطل کر دیا ،پولیس کے تاخیر سے پہنچنے کی بھی انکوائری شروع

بدھ 11 مئی 2016 21:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) لاہور میں شاہ کمال روڈ پر واسا کے پائپ گرنے سے ایک کمسن بچہ جاں بحق جبکہ اس کا بھائی اور دوست شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، چیئرمین واسا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی او فیصل سرور اور سب انجینئر محمد عابد کو معطل کر دیا ، جبکہ پولیس کے جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچنے کی بھی انکوائری شروع کر دی گئی ، مقتول بچے کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے ٹائر جلا کر واسا کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور اعلیٰ حکام سے سخت ایکشن کامطالبہ کیا ۔

تفصیلات کے مطابق شاہ کمال روڈ پر ترقیاتی مکمل ہو جانے کے باوجود واسا کی جانب سے سیوریج کے لئے لائے گئے پائپ وہاں پڑے تھے ۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو بھائی شازل اور عادل سکول سے چھٹی کے بعد گھر آئے تو ان کے ہمراہ ان کا ایک دوست بھی موجود تھا ۔ تینوں پائپوں پر کھیل رہے تھے کہ اچانک پائپ نیچے گر گئے جس کے نتیجے میں شازل موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ عادل اور دوسرا بچہ شدید زخمی ہو گئے ۔

عینی شاہدین کے مطابق پولیس اور ریسکیو ٹیم کو متعدد بار فون کیا گیا لیکن کوئی جائے وقوعہ پر نہ پہنچا جس کے بعد شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ شازل پہلے ہی دم توڑ چکا ہے جبکہ دیگر دو بچے شدید زخمی ہیں ۔ جاں بحق ہونے والے بچے کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے ٹائر جلا کر شدید احتجاج کرتے ہوئے واسا حکام کے خلاف نعرے بازی کی ۔

مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ذمے داروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شازل کا پوسٹمارٹم کروا کے ٹھیکے دار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائیگا جبکہ پولیس کے جائے وقوعہ پر تاخیر پہنچنے کی بھی انکوائری ہو گی ۔ دوسری جانب وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائیگا ۔ ایم ڈی واسا نے ایس ڈی او قیصر سرور اور سب انجینئر کو معطل کر دیا اور ایس ڈی او حافظ محمد غفران کو اقبال ٹاؤن کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :