Live Updates

تحریک انصاف کے تبدیلی کے کامیاب سفر سے مخالفین خوفزدہ ہیں،پرویز خٹک

مخلصانہ جدوجہد کے ذریعے لوٹی دولت واپس لانے ،بد عنوان طرز حکمرانی کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہو ں گے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

بدھ 11 مئی 2016 21:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے تبدیلی کے کامیاب سفر سے مخالفین خوفزدہ ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں مگر اب عوام سیاسی طور پر باشعور ہو چکے ہیں جن کے تعاون سے پاکستان تحریک انصاف اپنی مخلصانہ جدوجہد کے ذریعے لوٹی ہوئی دولت واپس لانے اور بد عنوان طرز حکمرانی کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہو گی وہ بنوں میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، اراکین صوبائی اسمبلی ملک شاہ محمد خان اور علی امین گنڈا پور نے بھی جلسے سے خطاب کیا ۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ اداروں کا عدم استحکام ، بے جا سیاسی مداخلت اور بد عنوانی پاکستان کے بنیادی مسائل ہیں جو اس کی ترقی میں رکاوٹ ہیں انہوں نے کہاکہ مفاد پرست حکمرانوں نے اداروں کو ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا ہے جو ایک افسوسناک امر ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ دُنیا کی ترقی کا راز یہی ہے کہ ان کے ادارے آزاد اور بااختیار ہیں جبکہ پاکستان میں گزشتہ 70 سالوں سے استحصالی نظام نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف نے مظلوم عوام کی دیرینہ آرزؤں کے مطابق اس فرسودہ نظام کا خاتمہ کرکے منصفانہ نظام حکومت قائم کرنے کا بیٹرہ اُٹھا یا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں مختلف علاقوں میں اپنے بوسیدہ منصوبوں کا دوبارہ اعلان کرکے نام نہاد ترقی کا خواب دکھا رہے ہیں انہوں نے بنوں کے عوام کی محرمیوں کا ازالہ کرنے اور مسائل کے خاتمے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف اعلانات نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ صوبہ بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں جن کے عمدہ معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہاکہ صوبے میں یہ پہلی حکومت ہے جس نے نہ صرف اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کئے ہیں بلکہ ترقیاتی بجٹ کا تیس فیصد بھی مہیا کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت محض وسائل کی تقسیم پر ہی نہیں بلکہ ان کے منصفانہ استعمال پر یقین رکھی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ تبدیلی سے خوفزدہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکارہیں اور بلاجواز و بے بنیاد تنقید کا عمل اپنائے ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کی مخالفت تبدیلی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ۔ پاکستان تحریک انصاف اپنی کارکردگی کی بنیادی پر عوام کے تعاون آئندہ اتنی بات میں مرکز اور دیگر صوبوں میں بھی حکومت بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات