ساٹھ بستروں پر مشتمل تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائے ونڈ کی آؤٹ سورسنگ کا منصوبہ بہت بڑی تبدیلی ہے‘عبداﷲ خان سنبل

آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے حکومتی سطح پر تیار کردہ منصوبہ بندی کی تفصیلات شرکاء کے سامنے پیش، ان میں خدمات کا تعین، کنٹریکٹ کا طریقہ کار، مینجمنٹ پلان و دیگر امور واضح کیے گئے ‘کمشنر لاہور ڈویژن

بدھ 11 مئی 2016 21:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ ساٹھ بستروں پر مشتمل تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائے ونڈ کی آؤٹ سورسنگ کا منصوبہ ثانوی ہیلتھ کیئر کے حوالے سے بہت بڑی تبدیلی ہے،پبلک پرائیویٹ شراکت کے اصولوں کے مطابق تمام نجی سیکٹر کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ آؤٹ سورسنگ کی حکومتی پالیسی کے تحت بنائے گئے پلان کا جائزہ لیں اور اپنی قیمتی آراء و تجاویز بھی سامنے لائیں تاکہ لوگوں کو صحت کی بہترین سہولتیں تحصیل سطح پر مہیا کرنے کی حکومتی حکمت عملی کو پائیدار اور ٹھوس بنیادوں پر کھڑا کیا جا سکے۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار ورکشاپ برائے ہیلتھ ریفارمز حکومت پنجاب کے تحت نجی سیکٹرز کے ایم ڈی ز/سی ای اوز کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی سی او لاہور کے علاوہ لاہور کے تمام نجی ہسپتالوں کے ایم ڈی ز/سی ای اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری سیکنڈری ہیلتھ نے آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے حکومتی سطح پر تیار کردہ منصوبہ بندی کی تفصیلات شرکاء کے سامنے رکھیں۔

ان میں خدمات کا تعین، کنٹریکٹ کا طریقہ کار، مینجمنٹ پلان و دیگر امور واضح کیے گئے اور شرکاء کی آراء و تجاویز کو بھی نوٹ کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال رائے ونڈ بالکل نیا تیار ہوا ہے اس میں تمام اپ ٹو ڈیٹ خریداری آلات حکومت مہیا کرے گی۔ شرکاء کو آؤٹ سورسنگ کے حکومتی ٹی او آرز بھی مہیا کیے گئے اور دو روز کے بعد پھر اجلاس بلایا گیا ہے۔ ڈی سی او لاہور نے لاہور کے نجی ہیلتھ سیکٹرزکے ذمہ داران سے درخواست کی کہ وہ ٹی ایچ کیو ہسپتال رائے ونڈ کا ضرور دورہ کریں اور ای ڈی او ہیلتھ لاہور اس حوالے سے رابطہ کار کے طور پر کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :