آصف علی زرداری کو سینیٹر منتخب ہونے کے باوجود نواز شریف نے طویل عرصے تک حلف اٹھانے نہیں دیا،مولا بخش چانڈیو

بلاول بھٹو زرداری کوسیاست کی پوری طرح سوجھ بوجھ ہے وہ جب گفتگو کرتے ہیں تو پوری دنیا کا میڈیا ان کی آواز سن رہا ہوتا ہے ،مشیراطلاعات سندھ

بدھ 11 مئی 2016 21:23

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) صوبائی مشیر اطلاعات و آرکائیوز مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کو سب سے زیادہ اذیتیں نواز شریف کے ادوار میں دی گئیں اور جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے نواز شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہوتا ہے۔پرویز رشید کی میڈیا سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری پہ بلا جواز تنقید پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے خلاف قائم جھوٹے مقدمات کے دوران نو از شریف سے ججز کی ہونے والی گفتگو کو عوام نہیں بھلا سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی بنا لیتے ہیں جس کی واضح مثال یہ ہے کہ نواز شریف کے دونوں ادوار میں آصف علی زرداری کو ناکردہ گناہوں کی پاداش میں پابند سلا سل کیا گیا اور آصف علی زرداری نے طویل عرصے تک اسیری کاٹی تاہم نواز شریف کی دشمنی اس وقت بھی ختم نہیں ہوئی اور بے نظیر بھٹو کو بھی جلا وطنی پر مجبور کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ہی وہ بہادر خاتون تھیں جنہوں نے باطل کے آگے سر نہیں جھکایا اور اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ کبھی کراچی،کبھی لاہور اور کبھی راولپنڈی کی عدالتوں کے چکرلگاتی رہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی نواز شریف ہی کا کارنامہ تھا کہ جب آصف علی زرداری سینیٹر منتخب ہوگئے تھے لیکن طویل عرصے تک انہیں حلف نہیں اٹھانے دیا گیاعوام ایسے او چھے ہتھکنڈوں کو کیسے بھول سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پرویز رشید کو بھٹو خاندان فوبیا ہوگیا ہے میں ان سے صرف اتنا ہی کہوں گا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کی فکر چھوڑیں اور اپنی پارٹی کی فکر کریں بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اوربے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے فرزند ہیں جنہیں سیاست کی پوری طرح سوجھ بوجھ ہے وہ جب گفتگو کرتے ہیں تو پوری دنیا کا میڈیا ان کی آواز سن رہا ہوتا ہے ۔