بلاول بھٹو کی علی حیدر گیلانی کو بازیابی پر مبارکبا ددینے کیلئے خصوصی طور پر لاہور آمد،یوسف رضا گیلانی ‘بختاور بھٹو بھی ہمراہ آئے

وزیر اعلیٰ پنجاب ،چوہدری برادران ،اسفند یار ولی ،بابر غوری سمیت دیگر کا بھی یوسف رضا گیلانی کو ٹیلیفون ،بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی

بدھ 11 مئی 2016 21:17

اسلام آباد/لاہور/کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور انکی ہمشیرہ بختاور بھٹو سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی تین سال بعد بحفاظت بازیابی پر مبارکبا ددینے خصوصی طور پر لاہور پہنچے ، یوسف رضا گیلانی بھی انکے ہمراہ اسلام آباد سے لاہور پہنچے، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، مرکزی رہنما پرویز الٰہی، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی ، متحدہ قومی موومنٹ کے بابر غوری سمیت سیاسی قائدین نے بھی یوسف رضا گیلانی کو ٹیلیفون کر کے بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،انکی ہمشیرہ اور یوسف رضا گیلانی خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور کے اولڈ ائیر پورٹ پہنچے جہاں سے انہیں سخت سکیورٹی میں گیلانی ہاؤس ڈیفنس لیجایا گیا ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو اور یوسف رضا گیلانی بازیاب ہو کر گھر پہنچنے والے علی حید ر گیلانی سے گلے ملے ۔ علی حیدر گیلانی کافی دیر تک والد کے گلے لگے رہے ۔

بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے علی حیدر گیلانی سے الگ ملاقات بھی کی ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا ، فائزہ ملک ،قاسم ضیاء سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی گیلانی ہاؤس میں علی حیدر گیلانی سے ملاقات کر کے انہیں بازیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی سابق وزیرا عظم یوسف رضا گیلانی کو ٹیلیفون کرکے بیٹے کی بحفاظت بازیابی پر مبارکباد دی۔مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی ،عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان ، متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما بابر غوری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی یوسف رضا گیلانی کو ٹیلیفون کر کے انکے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی بحفاظت بازیابی پر مبارکباد پیش کی ۔