پشاور،فاٹا کے اساتذہ کے اپ گریڈیشن کادیرینہ مطالبہ حل ہوگیا

بدھ 11 مئی 2016 21:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مئی۔2016ء) وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف کی ذاتی دلچسپی ، گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفر جھگڑا اوروزیرخزانہ اسحاق ڈار کی کوششوں سے فاٹا کے اساتذہ کے اپ گریڈیشن کادیرینہ مطالبہ حل ہوگیاہے جس کے تحت فاٹا کے اپ گریڈ ہونیوالے تقریباً20 ہزار اساتذہ کو یکم جولائی 2012 سے تمام مراعات دی جائیں گی اور بقایاجات بھی اداکئے جائیں گے۔

اس ضمن میں فاٹاپارلیمنٹیرین نے وزیراعظم محمد نوازشریف ، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور بالخصوص گورنر خیبر پختونخوا انجینئراقبال ظفر جھگڑا کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے فاٹا کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا اور نہ صرف اپ گریڈیشن کی منظوری دی بلکہ یکم جولائی 2012 سے مراعات اوربقایاجات کی ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گورنرانجینئراقبال ظفرجھگڑا فاٹاکے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا معاملہ وزیراعظم محمدنوازشریف کے نوٹس میں لائے تھے جس پر وزیراعظم نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کوفاٹا کے اساتذہ کے دیرینہ مسائل کو جلدازجلد حل کرنے کی ہدایت کی ۔ بعدازاں گورنرنے وزیرخزانہ اور وزیرسیفران سے ملاقاتیں کرکے انہیں مسئلے کی نوعیت واہمیت سے آگاہ کیا۔

گورنرنے فاٹا کے اساتذہ کادیرینہ مسئلہ حل ہونے پر انہیں مبارکباد دی ہے اور کہاہے کہ فاٹامیں تعلیم کے معیاراور فروغ کیلئے اساتذہ کے دیرینہ مسائل حل کردیے گئے ہیں اور قبائلی علاقہ جات میں تعلیم کے شعبے کی بہتری اور تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ فاٹامیں تعلیمی ایمرجنسی نافذہے،حکومت شعبہ تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر اولیت واہمیت دے رہی ہے اور تعلیم کی بہتری کیلئے وسائل کی کمی کو نہیں آڑے آنے دیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اساتذہ اپنے فرائض کو بحسن وخوبی سرانجام دیں اور فاٹامیں تعلیم کے فروغ اور بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں

متعلقہ عنوان :