ماروی میمن کا مہمند ایجنسی اور چارسدہ کا دورہ، مستحق خواتین ، پولٹیکل ایجنٹس اور چارسدہ کونسلرز سے ملاقاتیں

فاٹا کی عوام کی مالی نظام میں شمولیت اور ترقی سے ہی دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں،چیئرپرسن بی آئی ایس پی

بدھ 11 مئی 2016 21:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مئی۔2016ء) بی آئی ایس پی کے نئے غربت سروے کے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن نے بدھ کے روز مہمند ایجنسی اور چارسدہ کا دورہ کیا۔ سال 2010میں سابقہ حکومت کی جانب سے کرائے گئے سروے میں شمالی وزیر ستان، جنوبی وزیرستان اور قبائلی ایجنسیوں کے دیگر علاقوں سمیت فاٹا کے کئی علاقوں کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

بی آئی ایس پی کی 5.2ملین مستحقین میں سے 157633 خواتین کا تعلق فاٹا سے ہے۔ بی آئی ایس پی ، چیئرپرسن محترمہ ماروی میمن کی زیر قیادت قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (NSER)کو اپڈیٹ کرنے کیلئے پُر عزم ہے اس رجسٹری کی مدد سے پورے ملک کا سروے ممکن ہوگا چاہے وہ فاٹا ہو یا دوردراز تربت کا علاقہ ہو۔

(جاری ہے)

نئے سروے کے ابتدائی مرحلے کا آغاز رواں سال کے وسط سے مہمند ایجنسی سمیت 15اضلاع میں ہو رہا ہے ۔

چارسدہ اس نئے سروے کے ابتدائی مرحلہ میں شامل ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مہمند ایجنسی میں غلانائی اور ملک وزیر کلے اور چارسدہ میں نساتہ اور پرانگ کے دیہاتوں کا دورہ کیا اور بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کیساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے مہمند ایجنسی میں پولٹیکل ایجنٹس اور چارسدہ میں ضلعی ناظم کے دفتر میں کونسلروں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے معززین علاقہ، متعلقہ حکومتی عہدیداروں اور مہمند ایجنسی کی مستحقین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ فاٹا فرنٹ لائن پر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اس لئے اسے حکومت کی جانب سے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ فاٹا کی عوام کی مالی نظام میں شمولیت اور ترقی سے ہی ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں اور بی آئی ایس پی اس بات کو یقینی بنائے گا اس مرتبہ کوئی علاقہ غربت سروے میں شامل ہونے سے نہ رہ جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی ہدایات کے مطابق فاٹا کی ہر مستحق خاتون NSERاپڈیٹ کا حصہ ہوگی جس سے انہیں بااختیاری، عزت نفس اور مقصد حیات حاصل ہوگا۔مہمند ایجنسی کے پولٹیکل ایجنٹ سے ملاقات کے دوران، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے غرباء کی شناخت کیلئے تفصیلی طور پر دیہاتوں کے اکاؤنٹ تیار کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہمند ایجنسی کے ماڈل کو باقی دیگر قبائلی ایجنسیوں میں اپنایا جائے گا۔ مہمند ایجنسی کے پی اے نے دوبارہ سروے کرنے کے عمل میں انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔بلدیاتی انتخابات کے منتخب نمائندگان، معززین علاقہ اور چارسدہ کے مستحقین سے بات چیت کے دوران ، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے دوبارہ سروے میں مستحق خاندانوں تک رسائی کے عزم کا اظہار کیا کیونکہ موجودہ حکومت پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی فلاح و بہود کیلئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :