پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں میں215 ارب روپے کی بچت ملکی معیشت اور ترقی کے لئے خوش آئند : پیاف

بچت کی رقم صنعتکاری اور انڈسٹریل زونز پر لگائی جائے جس سے بیروزگاری کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے : عرفان اقبال، تنویر احمد صوفی ،شاہ زیب

بدھ 11 مئی 2016 21:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مئی۔2016ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ(پیاف) نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں میں215 ارب روپے کی بچت کو ملکی معیشت اور ترقی کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ چیئر مین عرفان اقبال شیخ، سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے گزشستہ روزایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں بچت کے ساتھ ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے۔

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں 15 ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی کے پراجیکٹس، پاک چائنا راہداری اور دیگر تمام ترقیاتی انفراسٹرکچر کے منصوبہ جات تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں یہ تمام منصوبہ جات ایک طرف تو لوڈشیڈنگ اور اندھیروں کا خاتمہ ہونے سے اربوں روپے کے نقصانات کا خاتمہ ہو گا ، جبکہ دوسری طرف پاک چاینہ راہداری منصوبہ ملکی معیشت میں انقلابی ترقی کا باعث بنے گااس طرح گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پائپ لائن ،گوادرسی پورٹ لاہور کراچی موٹروے اور میڑو بس و ٹرین جیسے درجنوں منصوبے جاری و ساری ہیں۔

(جاری ہے)

ان تمام پراجکیس پر 20 کروڑ پاکستانیوں کے مستقبل کا انخصار ہے۔ ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے پنجاب ہی سب سے آگے ہے۔ انھوں نے کہا کہ بلوکی پاور پراجیکٹ میں 39 ارب روپے، بھکی پاور پراجیکٹ میں 37 ارب روپے جبکہ اورنج لائن پراجیکٹس میں 78 ارب روپے بچائے گئے ہیں، مختلف منصوبوں میں بچ جانیوالی یہ رقم صنعتکاری اور انڈسٹریل زونز پر لگائی جائے جس سے بیروزگاری کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کی ذاتی کاوشوں اور جذبہ خدمت کی وجہ سے اتنی بڑی بچت ممکن ہوئی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں کم ترین بولی دینے والے ادارے پیسوں میں مزید کمی پر آمادہ ہوئے ہیں۔ خواجہ شاہ زیب نے کہا پنجاب میں قومی خزانے کی بچت کی عمدہ مثال دوسرے صوبوں کے لئے قابل تقلید ہے۔ حکومتی ریونیو بڑھنے سے حکومت کو مالی فائدہ ہو گا اورملک خوشحال ہو گا۔

متعلقہ عنوان :