سینٹ الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والوں پر شکست کا خوف طاری ہے۔پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 11 مئی 2016 19:25

لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔11مئی۔2016ء) :پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن(آسا) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد اور سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین ، جو کہ ٹیچرز فرنٹ کے رہنما بھی ہیں، نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نام نہاد ٹیچرز الائنس کے رہنمااکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے رواں برس ہونے والے انتخابات میں ایک سیٹ بھی نہیں جیت پائے تھے اوراب شکست کے خوف سے وہ سینٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے باشعور اساتذہ پہلے ہی اس نام نہاد گروپ کے خلاف اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور سینٹ الیکشن میں بھی انہیں شکست کا منہ ہی دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرز فرنٹ پنجاب یونیورسٹی میں اساتذہ کا سب سے بڑا گروپ ہے جو سینٹ الیکشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں جبکہ ماضی میں بھی اسی گروپ سے اساتذہ سینٹ اور سنڈیکٹ جیسی باڈیز کیلئے منتخب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرز الائنس کے پاس تو اتنے بھی حمایت یافتہ اساتذہ نہیں کہ وہ اپنا مطلوبہ پینل پورا کر لیں۔ انہوں نے کہا الیکشن کے لئے وضع طریقہ کار انتہائی شفاف رہا اور صرف وہی گروپ کامیاب ہوگا جویونیورسٹی میں اصولوں کی سیاست ، اساتذہ کمیونٹی کی فلاح اور ریسرچ کے کاموں کو فروغ دیتا رہا ہے۔