جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے کیا جانے والا سلوک غیر انسانی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ٗچوہدر ی نثار علی خان

وزیرِاعظم کے وزارتِ داخلہ ، وزارتِ خارجہ اورپرائم منسٹر سیکریٹریٹ کی باہمی مشاورت سے واضح پالیسی مرتب کرنے کے احکامات

بدھ 11 مئی 2016 19:05

جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے کیا جانے والا سلوک غیر انسانی اور بین الاقوامی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمن نظامی کو پھانسی دینے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے کیا جانے والا سلوک غیر انسانی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ٗپوری دنیا اس معاملے پر خاموش ہے ٗہمیں اس غیر انسانی پالیسی کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔

ایک بیان میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے اپنے سیاسی مخالفین بالخصوص جماعت اسلامی کے اکابرین سے روا رکھے جانے والے رویے کا مسئلہ وزیراعظم پاکستان سے اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے کیا جانے والا سلوک غیر انسانی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت کی جانب سے جماعتِ اسلامی کی جن شخصیات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے انکا واحد قصور یہ ہے کہ انہوں نے آج سے 45 سال پہلے پاکستانی ہونے کے ناطے پاکستان سے وفا داری نبھائی۔

وزیرِداخلہ نے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا اس معاملے پر خاموش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس غیر انسانی پالیسی کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ وزیرِداخلہ کے اس موقف کی تائید کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے وزارتِ داخلہ ، وزارتِ خارجہ اورپرائم منسٹر سیکریٹریٹ کی باہمی مشاورت سے اس سلسلے میں واضح پالیسی مرتب کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں ۔ بعد ازاں وزیرِداخلہ نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کے مشترکہ اجلاس کی صدرات کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی موجود تھے۔