پی سی بی نے احمد شہزاد کے ’اچھا بچہ ‘ بننے کے خط کا ’کورا‘ جواب دیدیا

muhammad ali محمد علی بدھ 11 مئی 2016 18:49

پی سی بی نے احمد شہزاد کے ’اچھا بچہ ‘ بننے کے خط کا ’کورا‘ جواب دیدیا

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 11مئی ۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد شہزاد کے معذرت خواہانہ خط کے جواب میں انہیں ”لال جھنڈا “ دکھا دیا ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے احمد شہزاد پر واضح کیاکہ انضمام الحق کی سربراہی میں حال ہی میں بننے والی سلیکشن کمیٹی ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرناچاہتی ہے ، انہیں پہلے ڈسپلن کو ٹھیک کرنا اور رویے میں تبدیلی لانا ہوگی جس کے بعد ہی انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے پرغور کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ احمد شہزاد نے پی سی بی کو خط کے ذریعے مستقبل میں ڈسپلن کی خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد ان کے لیے نرم گوشہ رکھنے والے پی سی بی حکام اوپنر کو ٹیم میں واپس لانے کے حق میں تھے تاہم سلیکٹرز نے موقف اختیار کیا کہ ڈراپ کیے گئے ٹیسٹ کرکٹر کو دوبارہ کیمپ میں بلانے سے غلط مثال قائم ہوگی، احمد شہزاد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹیم سے باہر نکالا گیا ہے اس لئے انہیں فی الحال تر بیتی کیمپ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا ہے ۔