کوئٹہ، حکومت آئندہ بجٹ میں مفلوک الحال عوام مظلوم شہریوں کو ہر صورت ریلیف دے،ڈاکٹر محمد ابراہیم

بدھ 11 مئی 2016 17:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹر محمدا براہیم نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں مفلوک الحال عوام مظلوم شہریوں کو ہر صورت ریلیف دے۔ حکومت کی طرف سے ماضی میں پیش کردہ بجٹ عوام دوست ہونے کی بجائے کاروباری اور مراعات یافتہ طبقوں کو نوازنے کا ذریعہ بنتے رہے ہیں کرپشن گرمی اورلوڈ شیڈنگ نے عوام کو پریشان کر دیا ہے ۔

ڈاکٹر محمدا براہیم نے کہا کہ حکومت قرضہ گیری ، اور غیروں کے سامنے کاسہ لے کر کھڑے ہونے سے اجتناب کرے اس ضمن میں ارباب اقتدار کو ملکی خزانوں سے لوٹی گئی قومی دولت واپس لانے اور اس حوالے سے مؤثر اورٹھوس بنیادوں پر قانون سازی کر کے قومی معیشت کو مستحکم کرنے کی فکر کرنی چاہیئے۔ ملک میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ادھ موا کر کے رکھ دیا ہے حکومت اس بدترین صورت حال سے نمٹنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کی تمام تر کوششوں اور وعدوں کے باوجود بنیادی سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ عام آدمی تک حکومت کی معاشی کامیابیوں کے ثمرات کیوں منتقل نہیں ہو رہے ہیں۔ عام آدمی آج کسمپرسی ، بے بسی ، ناامیدی اور اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہے۔ ایک عام ملازمت پیشہ ، محنت کش ، اور دیہاڑی دار مزدور خط غربت کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

متعلقہ عنوان :