خیبرپختونخواحکومت شعبہ تعلیم میں نمایاں بہتری لائی ہے، ڈاکٹرامجد علی

شعبہ تعلیم کی اصلاح کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد بڑھنے کیساتھ بچوں کے داخلہ کی شرح میں اضافہ ہواہے، معاون خصوصی وزیراعلیٰ کے پی کے

بدھ 11 مئی 2016 17:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے شعبہ تعلیم کی اصلاح کے لئے ایسے جو اقدام اٹھائے جن ان کی بدولت سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد بڑھنے کے ساتھ بچوں کے داخلہ کی شرح میں نمایاں اضافہ ہواہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ پی کے۔82 کے گورنمنٹ ہائی سکول خزانہ میں سہولتوں کی فراہمی سے متعلق منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ضلعی کونسلرزمین خان، ڈی ای او سوات معززین علاقہ اورعوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر امجد علی نے اس موقع پر سکول کے لئے دو سو نئی کرسیاں اور فرنیچر بھی فراہم کیے اورکہا کہ تعلیم ہی ایسا زیور ہے جس کے ذریعے ترقی کاحصول ممکن بنایا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کوترقی سے ہمکنار کرنے اور امن وامان کاقیام عمل میں لانے کے لئے ضروری ہے کہ معیاری تعلیم کوفروغ دیاجائے اورپی ٹی آئی کی حکومت نے اس مقصد کے لئے سالانہ بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے ایسے 100 ارب روپے تک بڑھایا ۔انہوں نے کہاکہ صرف ضلع سوات میں1800 اساتذہ میرٹ کے تحت بھرتی کیے ہیں جوکسی بھی میگا پراجیکٹ سے کم نہیں جبکہ رواں سال میں بھی دس ہزار اساتذہ کی بھرتی کرکے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کیاجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ صرف حلقہ پی کے ۔82 سوات میں شعبہ تعلیم پر تقریباً 50 کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں تاکہ دوردراز پسماندہ علاقوں میں تعلیم کو فروغ ملے اور امن وترقی کی راہ ہموار ہو۔ انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ پہلے کی نسبت اب سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کافی بہتر ہوئی ہے اور تعلیمی اداروں کو موجودہ حکومت نے جدید سہولتوں سے بھی آراستہ کیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسیوں کوسراہا۔

متعلقہ عنوان :