گوار کی فصل ایک سیزن میں فضا سے 300 پاؤنڈ نائٹروجن کا زمین میں اضافہ کرتی ہے،محکمہ زراعت

بدھ 11 مئی 2016 17:10

ملتان۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مئی۔2016ء )دنیا میں پیدا ہونے والے گوار کا تقریباً 95 فیصد حصہ برصغیر پاک و ہند میں پیدا ہوتا ہے۔ اس میں لحمیاتی مادہ (پروٹین) تقریباً 35 فیصد تک پایا جاتا ہے جو کہ جانوروں کے گوشت میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔ اس لیے گوار کو غیر پھلی دار چارہ جات مثلاً جوار، باجرہ اور مکئی وغیرہ کے ساتھ ملا کر بھی کاشت کیا جاسکتا ہے۔

محکمہ زراعت ملتان کے ترجمان کے مطابق گوار کی فصل ایک سیزن میں فضا سے 300 پاؤنڈ نائٹروجن کا زمین میں اضافہ کرتی ہے۔ اس کے بیج میں ایک خاص قسم کا گوند (گوارگم) پایا جاتا ہے۔ جو کہ پوری دنیا میں ٹیکسٹائل، بیکری، گن پاؤڈر، پیپر، کاسمیٹکس، تمباکو، بارود، مرغیوں، مچھلیوں اور مویشیوں کی خوراک، ادویات، خوراک اور دیگر بہت سی صنعتوں میں وسیع پیمانے پر کھودے جانے والے کنوؤں میں بہت زیادہ مقدار میں استعمال کیاجاتا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں گوار کی کاشت زیادہ تر میانوالی، سرگودھا، بھکر، جھنگ، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے اضلاع میں کی جاتی ہے۔ اس کی کاشت کیلئے گرم اور خشک آب و ہوا درکار ہوتی ہے۔ گوار کی کاشت کیلئے ریتلی میرا زمین جہاں پانی کا نکاس اچھا ہو موزوں ہوتی ہے۔ گوار کی کاشت کا موزوں ترین وقت چارہ کیلئے اپریل سے جولائی اور بیج کیلئے شروع جون سے آخر جولائی تک ہے۔

سبز کھاد کیلئے فصل مئی کے مہینے میں کاشت کرنی چاہیے۔ ایگریکلچر ریسرچ اسٹیشن، بہاولپور کی تیار کردہ گوار کی تین منظور شدہ اقسام مثلاً BR-90,2/1 اور BR-99 ہیں۔ ان میں سے نئی اور عمدہ قسم BR-99ہے جو کہ کلسٹر ٹائپ (گچھا نما) ہے اور بیج اور سبز چارہ دونوں مقاصد کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ گوار کی سبز کھاد اور چارے والی فصل کیلئے شرح بیج 20 تا 25 کلو گرام ہے اور بیج والی فصل کیلئے 8 تا 10 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کرنا چاہیے۔

بیج والی فصل کو قطاروں میں ایک تا ڈیڑھ فٹ کے فاصلہ پر کاشت کرنا بہترین نتائج کا حامل ہوتا ہے۔ بیج کو ہمیشہ تر وتر میں کاشت کیاجائے۔ اس سے اگاؤ بھی بہتر ہوتا ہے۔ پودوں کی تعداد تقریباً 58000 سے 60000 فی ایکڑ ہونی چاہیے تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جاسکے۔ بوقت کاشت ایک بوری ڈی اے پی اور پھول آنے پر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ ڈال دی جائے تو اچھی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔