فوجیوں کے ہاتھوں تین نوجوانوں کے قتل کیخلاف پلوامہ میں مسلسل پانچویں روز بھی ہڑتال کی گئی

بدھ 11 مئی 2016 13:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء) مقبوضہ کشمیرکے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف بدھ کو مسلسل پانچویں روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی وجہ سے پلوامہ قصبے اور ضلع کے دیگر بڑے قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی ۔

ہڑتال کے باعث سرکاری دفاتر ، بینکوں اور تعلیمی اداروں میں بھی معمول کا کام کاج متاثر رہااوربازار اور سڑکیں ویران اور سنسان نظر آرہی تھیں جس کے نتیجے میں ہرسو ہو کا عالم رہا۔اس دوران قبرستانوں جہاں شہید نوجوانوں کی تدفین کی گئی ہے اورانکے آبائی علاقوں میں تعزیتی و دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ انکی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔

(جاری ہے)

ضلع بھر میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے ، تاہم مجموعی طور صورتحال پْرامن رہی۔واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے ہفتہ کے روز ضلع پلوامہ میں اونتی پورہ کے علاقے پنزگام میں ہفتہ کے روز تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران تین نوجوانوں کو شہید کردیاتھا جس کے خلاف ضلع میں مسلسل احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ۔

متعلقہ عنوان :