پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزاد کشمیر بھر کے عوام کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں‘ وزیر اطلاعات

بدھ 11 مئی 2016 13:05

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مئی۔2016ء ) وزیر اطلاعات آزاد جموں کشمیر سردار عابد حسین عابد نے کہا ہیکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزاد کشمیر بھر کے عوام کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ پیپلزپارٹی غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کی حقیقی طور پر نمائندہ جماعت ہے۔ پیپلزپارٹی ہی وہ جماعت ہے کہ جس میں کارکنان کی عزت نفس کا بھرپور خیال رکھا جاتا ہے۔

بہت چھوٹے پیمانے سے سیاست کا آغاز کیا اور آج اپنی محنت کے نتیجہ میں اور عوام کی دعاؤں سے اس مقام تک پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ صحت ، تعلیم اورپینے کے لئے صاف پانی ہر شخص کی بنیادی ضرورت ہے۔ صاف پانی کی عدم فراہمی کے باعث لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سردار عابد حسین عابد نے یونین کونسل سنگولہ اور شمس آباد کے مقام پر والٹر فلٹریشن پلانٹس کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ یہ ان فلٹریشن پلانٹ کی بدولت عوام کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا اور علاقہ کے لوگوں پر اس پلانٹ کی حفاظت اور ذمہ داری بھی لازم ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام ان پلانٹس کی دیکھ بھال اور حفاظت کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اس امانت کی حفاظت بھی کریں کیونکہ اس سے جہاں اہل علاقہ مستفید ہوں گے وہیں یہاں سے گزرنے والے مختلف مسافر بھی پینے کے صاف پانی سے استفادہ کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر منہاس نے وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی اور انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں 150 فلٹریشن پلانٹ مختلف مقامات پر نصب کیئے جا چکے ہیں جبکہ تحصیل راولاکوٹ میں تقریبا 25 فلٹریشن پلانٹس نصب کیئے گئے ہیں جن کے باعث عوام پینے کے صاف پانی کی سہولیات سے مستفید ہورہے ہیں۔

اس تقریب سے سردار نذر محمد ایڈووکیٹ، اکرم خان، صابر خان، رضوان سلیم، عبدالرحیم قادری، سردار عبدالرحمن ، حافظ شاہد و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں جب وزیر اطلاعات یونین کونسل سنگولہ اور شمس آباد کے مقام پر پہنچے تو عوام کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہیں ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں ان پر نچھاور کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :