نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیوروں کو آگاہی فراہم کرنے کی مہم زوروشور سے جاری

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 11 مئی 2016 12:26

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی۔2016ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیوروں کو آگاہی فراہم کرنے کی مہم زوروشور سے جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ کی خصوصی ہدایت پر موٹروے پولیس کی نیشنل ہائی وے این فائیو سینٹرل زون میں ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیوروں کو روڈ سیفٹی کے اصول و ضوابط اور ٹریفک قوانین سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے بھر پور مہم جاری ہے جس کی نگرانی سیکٹر کمانڈر اوکاڑہ ایس ایس پی مسرور عالم کولاچی کر رہے ہیں۔

نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی مسرور عالم کولاچی نے بتایا کہ چونکہ اوکاڑہ سیکٹر زرعی علاقے پر مشتمل ہے لہذا یہاں ٹریکٹر ٹرالیاں بکثرت پائی جاتی ہیں جن کے ڈرائیوروں کی طرف سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی مشاہدے میں آتی ہے جس کا نتیجہ بعض اوقات حادثات کی صورت میں سامنے آتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید بتایا کہ اس صورت حال کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر ڈرائیور دُور دراز دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ایسے لوگوں کی ٹریفک اصولوں سے عدم واقفیت مسائل پیدا کرتی ہے۔

اسی حقیقت کو سامنے رکھ کر یہ خصوصی مہم شروع کی گئی ہے جس میں اب تک ہزاروں ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیوروں کو موثر بریفنگ دی گئی ہے۔
ایس ایس پی مسرور عالم کولاچی نے بتایا کہ اس مہم میں ٹرالیوں پر اوورلوڈنگ، کم عمر یا غیر لائسنس یافتہ ڈرائیوروں ، رات کے وقت غیر مناسب بتیوں ، بوسیدہ ٹائروں کے استعمال ، مٹی،ریت،بجری اور اینٹوں وغیرہ کے غیر محفوظ لوڈ جیسی خلاف ورزیوں پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے اور قوانین پر عمل نہ کرنے والے ڈرائیوں کو نا صرف آگاہی فراہم کی جا رہی ہے بلکہ زیادہ خطرناک خلاف ورزی کی صورت میں ٹریفک چالان ٹکٹ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو فوری طور پر قومی شاہراہ سے اتار دیا جاتا ہے۔


مسرور عالم کولاچی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حادثات کی روک تھام کے لیے نیشنل ہائی ویز انیڈ موٹروے پولیس کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :