بلاول بھٹو سیاست میں نئے ہیں ، ان کو کئی حقیقتوں کا علم نہیں ، وہ محض ایک لکھی تقریر میں جذبات ڈال کر لیڈر بننے کی کوشش کررہے ہیں،تقریروں اور جذباتی نعروں سے وہ پیپلز پارٹی کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو کسی صورت نہیں بچا سکتے،۔ تھر کے ریگستانوں میں بچو ں کی اموات ہوں یا پھر تعلیمی شعبے کی بربادی اور نقل کا رجحان سندھ میں تباہی کی کھلی داستان سنا رہے ہیں

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہرکا بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر درعمل کا اظہار

منگل 10 مئی 2016 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مئی۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے باغ میں بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو سیاست میں نئے ہیں اور انہیں کئی حقیقتوں کا علم نہیں ہے اور وہ محض ایک لکھی ہوئی تقریر میں جذبات ڈال کر لیڈر بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ محض تقریروں جذباتی نعروں سے وہ پیپلز پارٹی کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو کسی صورت نہیں بچا سکتے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ صرف بلاول بھٹو چند اور ناقدین ہی ہیں جن کو پاکستان میں کوئی ترقی نظر نہیں آرہی ۔انہیں شاید علم نہیں ہے کہ دنیا کے20سے زائد بین الاقوامی جریدوں اور معاشی اداروں نے پاکستان میں ہونے والی زبردست ترقی کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ بلاول کو شاید اس حقیقت کا بھی علم نہیں کہ آج صوبہ پنجاب گڈ گورننس کے لحاظ سے پاکستان کے صوبوں میں پہلے نمبر پر شمارکیا جاتا ہے۔ سند ھ اور آزاد کشمیر کی حکومتیں اس کے برعکس کرپشن کے نت نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔ تھر کے ریگستانوں میں بچو ں کی اموات ہوں یا پھر تعلیمی شعبے کی بربادی اور نقل کا رجحان سندھ میں تباہی کی کھلی داستان سنا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وژن کرپشن سے متعلق بالکل صاف ہے ۔چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جن میڈیکل کالجز کے قیام کا ذکر بلاول بھٹو اپنی تقریروں میں کرتے ہیں ان کو علم نہیں کہ ان کے لیے بھی فنڈر ہماری مرکزی حکومت نے جاری کیے اور پیپلز پارٹی کے دور میں ان کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا۔ بلکہ آزاد کشمیر کے فنڈز آزاد کشمیر سے باہر خرچ کیے جاتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر کے فنڈز میں تین گنا اضافہ کیا ہے اور آزاد کشمیر کے عوام الناس باشعور ہیں اورسب کو آنے والے الیکشن میں پتا چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں میں مسلم لیگ(ن) کی کارکردگی ہی آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی کی ضامن ہے جس سے کشمیر کے عوام بھی بھرپور مستفید ہوں گے۔