گوادر کے تمام تر وسائل پر غریب لوگوں کا حق ہے،حکومت حقوق کا بھرپور تحفظ کرے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری

منگل 10 مئی 2016 22:04

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ گوادر کے تمام تر وسائل پر گوادر کے غریب لوگوں کا حق ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا، حکومت ان حقوق کا بھرپور تحفظ کرے گی، ہم نے اب تک عوام سے جو بھی وعدہ کیا ہے اسے پورا کیا ہے، 8سال سے بند گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہسپتال کو 8دن کے ریکارڈ وقت میں فعال کر دیا گیا ہے، ہم سیاسی اور ذاتی مفادات سے ہٹ کر صوبے اور عوام کے مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ڈی اے ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ، جی او سی 33ڈویژن میجر جنرل اظہر حیات ، رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی، ڈسٹرکٹ چیئرمین گوادر بابو گلاب، چیئرمین جی پی اے دوستین جمالدینی، ڈی جی جی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت نے ہسپتال کو فعال کر کے ایک اور وعدے کی تکمیل کر دی ہے جس کا اعلان پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ گوادر کے موقع پر کیا تھا، انہوں نے یقین دلایا کہ گوادر کے کالج کو بھی جلد فعال کر کے تدریسی عمل کا آغاز کر دیا جائیگا، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سب سے عظیم کام عوام اور بالخصوص دکھی انسانیت کی خدمت ہے، ہسپتال کو فعال دیکھ کر انہیں دلی سکون اور خوشی ملی ہے اور جس طرح خواتین اور دیگر لوگوں نے انہیں دعائیں دیں وہ ان کے لیے زندگی کا سرمایہ ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر کے دیگر مسائل کو بھی سول اور عسکری قیادت مل کر حل کرے گی، عوام اداروں اور فوج سے تعاون کریں، اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ جی ڈی اے ہسپتال کی فعالی گوادر کی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی خواہش تھی کہ اس ہسپتال کو جلد از جلد فعال کیا جائے، آنے والے دنوں میں ہسپتال کو مزید وسعت دی جائے گی، جس کا فائدہ گوادر اور دیگر علاقے کے عوام کو پہنچے گا انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف سیکریٹری بلوچستان اور پاک فوج کی کوششوں سے ہسپتال نے کام شروع کر دیا ہے، ہسپتال میں علاج و معالجے کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے مثبت فیصلے کئے گئے ہیں، جن پر جلد عملدرآمد کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دعا سے بڑا کوئی انعام نہیں ہو سکتا اور جس طرح آج گوادر کے لوگوں نے ہسپتال کی فعالی کو سراہا ہے وہ ہمارے لیے باعث فخر ہے جس کا سہرا صوبائی اور عسکری قیادت کے سر ہے، انہوں نے کہا کہ پاک فوج گوادر اور بلوچستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتی رہے گی، کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ ہسپتال چین کی جانب سے گوادر کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے جس کے لیے وہ چینی دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ چین پاکستان اور گوادر کے مفاد میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :