حکومت آئندہ بجٹ میں مفلوک الحال عوام کو ہر صورت ریلیف دے‘ذکراﷲ مجاہد

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو ادھ موا کر کے رکھ دیا ہے‘ امیرجماعت اسلامی لاہور

منگل 10 مئی 2016 20:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مئی۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں مفلوک الحال عوام کو ہر صورت ریلیف دے، حکومت کی طرف سے ماضی میں پیش کردہ بجٹ عوام دوست ہونے کی بجائے کاروباری اور مراعات یافتہ طبقوں کو نوازنے کا ذریعہ بنتے رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی لاہور کی مالیاتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں جماعت اسلامی لاہور کے نائب امراء ملک شاہد اسلم ، انجینئر اخلاق احمد ، سیکرٹری جنرل محمد عمیر خان ، حاجی ریاض الحسن ، صوفی محمد اکرم اور عبدالعزیز عابد نے شرکت کی۔ ذکراﷲ مجاہد نے کہا کہ حکومت قرضہ گیری ، اور غیروں کے سامنے کاسہ لے کر کھڑے ہونے سے اجتناب کرے اس ضمن میں ارباب اقتدار کو ملکی خزانوں سے لوٹی گئی قومی دولت واپس لانے اور اس حوالے سے مؤثر اورٹھوس بنیادوں پر قانون سازی کر کے قومی معیشت کو مستحکم کرنے کی فکر کرنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ادھ موا کر کے رکھ دیا ہے حکومت اس بدترین صورت حال سے نمٹنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ حکومت کی تمام تر کوششوں اور وعدوں کے باوجود بنیادی سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ عام آدمی تک حکومت کی معاشی کامیابیوں کے ثمرات کیوں منتقل نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی آج کسمپرسی ، بے بسی ، ناامیدی اور اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہے۔ ایک عام ملازمت پیشہ ، محنت کش ، اور دیہاڑی دار مزدور خط غربت کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

متعلقہ عنوان :