Live Updates

تحریک انصاف کے جلسہ میں حکومتی وسائل کااستعمال بے بنیاد ہے،نئے پاکستان کاآغاز خیبرپختونخوا سے ہوچکاہے،مشتاق احمد غنی

منگل 10 مئی 2016 19:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ اور اعلی تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ پشاور میں تحریک انصاف کے جلسہ میں حکومتی وسائل کااستعمال بے بنیاد ہے ۔جلسہ پارٹی وسائل پر کیاگیا ۔مسلم لیگ (ن) کے درباریوں کو پشاور میں لاکھوں پر مشتمل مجمع نظرنہیں آیا تو ان کو خیبرپختونخوا میں تبدیلی کیسے نظر آئے گی۔

وفاقی وزیر پرویز رشید کی بینائی جواب دے گئی ہے وہ اپنی آنکھوں کاعلاج کرائیں ۔یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 41 سنٹی گریڈ کی گرمی میں لاکھوں عوام پارٹی چیئرمین کے جلسہ میں موجود تھے جبکہ تین عینکوں والوں نے بنوں میں خیمہ میں جلسہ کیا ۔وزیر اعظم صاحب کے سکھر میں ائیر کنڈیشنز جلسہ پر 2 کروڑ روپے خرچ کردیئے گئے ۔

(جاری ہے)

جن لوگوں کو تھوڑی سی گرمی برداشت نہیں ہوتی وہ عوام کا دکھ درد کیسے سمجھیں گے۔

مشتاق احمد غنی کاکہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے ایک غیر جانبدرانہ احتساب کمیشن صوبائی اسمبلی میں پیش کردیا ہے جو جلد منظوری کرالیں گے۔ صوبائی حکومت کودرس دینے والے پہلے ذرا اپنے گریبان میں جھانکیں ۔مسلم لیگ (ن)کے تمام وزراء وزیر اعظم کو بچانے کے لئے چھلانگیں ماررہے ہیں لیکن پھر بھی انہیں کوئی نہیں بچا سکتا ہے ۔مشتاق احمد غنی کاکہنا تھا کہ نئے پاکستان کاآغاز خیبرپختونخوا سے ہوچکا ہے ۔چوروں اورلیٹروں کادور ختم ہوچکا ہے ۔اب اس صوبہ میں تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے ایسی طرزحکمرانی کی بنیاد رکھ دی ہے جس کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام کو مل رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے درباری خیبرپختونخوا حکومت پر الزام تراشی کی بجائے اپنی فکر کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات