تعلیمی اداروں میں دھماکے کرنیوالے آنیوالی نسل کے مستقبل کے دشمن ہیں،قاضی محمد فیض

منگل 10 مئی 2016 19:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مئی۔2016ء) سجادہ نشین آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان پیرزادہ قاضی محمد فیض رسول رضوی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں دھماکے کرنیوالے آنیوالی نسل کے مستقبل کے دشمن ہیں اس لیے وہ تعلیمی درسگاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ٗ بم دھماکے کرنیوالے انسانیت کے روپ میں بھیڑے ہیں بے گناہ انسانوں کو نا حق قتل کرنیوالوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان پیرزادہ قاضی محمد فیض رسول رضوی چیئرمین تحریک اہلسنت پاکستان نے سریاب روڈ بلوچستان یونیورسٹی میں ہونیوالے بم دھماکے کے رد عمل میں اپنے بیان میں کیا انھوں نے کہا کہ درسگاہوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانیوالے علم کی روشنی کے دشمن ہیں اور وہ ملک کو جہالت کے گھڑے میں دھکیلنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ لوگ ملک کو ترقی کرتا ہوا اور عوا م کو خوشحال ہوتا برداشت نہیں کر سکتے اس لیے آئے دن کسی نہ کسی ادارے کو یاعوامی مقامات کوحملے کا نشانہ بناتے ہیں۔ ایسا کرنیوالوں کیساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے اور کسی قسم کی کوئی رعایت نہ دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل مکمل طور پر عملدرآمد نہ ہونیکی وجہ سے عوام آپریشن ضرب عضب کے ثمرات سے محروم ہیں حکومتی صفوں میں انتہا پسند وں کے سہولت کار موجود ہونیکی وجہ سے حکومت کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کر پارہی۔

آخر میں انہوں نے شہید ہونیوالے اہل کاروں کیلئے فاتحہ خوانی کی اورلواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل اوراجر عظیم عطا فرمائے ۔