دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے حوالے سے پیکج میں وزیراعظم کی ہدایت پر پہلے سے زیادہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں،شیخ آفتاب

منگل 10 مئی 2016 14:49

اسلام آباد ۔ 10 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی کو حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے حوالے سے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر پیکج پر نظرثانی کی گئی ہے جس میں پہلے سے زیادہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں‘ متوفی ملازمین کے بچوں کو مستقل ملازمت دینے کی تجویز پر بھی حکومت غور کرے گی۔

منگل کو قومی اسمبلی میں خالدہ منصور کے سرکاری ملازمین کی بابت دوران ملازمت وفات پیکج کے تحت مستقل ملازمتیں فراہم نہ کرنے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جو لوگ بھی ملازمت کے دوران انتقال کر جاتے ہیں یقینی طور پر ان کے پسماندگان شدید مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اس پیکج پر نظرثانی کرکے زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی ہیں۔

گریڈ ایک سے 12 تک کے ملازمین کی رقم دوگنا کردی گئی ہے۔ جب مرحوم ملازم کے بچے کو کنٹریکٹ پر ملازمت دے دی جاتی ہے جس میں توسیع بھی کی جاتی ہے۔ بعد ازاں اس کو مستقل ملازمت میں بھی بدل دیا جاتا ہے۔ خالدہ منصور نے کہا کہ متوفی ملازمین کے بچوں کو مستقل ملازمتیں دینے کی پالیسی بنائی جائے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکومت نے پیکج میں متوفی ملازم کی تنخواہ اس کی ریٹائرمنٹ کی عمر مکمل ہونے تک ادا کی جاتی ہے۔

بچوں کی ملازمت بعد ازاں مستقل بھی کردی جاتی ہے۔ شکیلہ لقمان نے کہا کہ 2014ء میں متوفی ملازمین کا بجٹ زیادہ تھا۔ اب یہ کم کردیا گیا ہے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ بجٹ کم نہیں ہوا اس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ تجویز تھی کہ گریڈ ایک سے 16 تک کی مستقل ملازمتیں دی جائیں۔ ہم حکومت کو پالیسی بنانے کی تجویز دیں گے۔

متعلقہ عنوان :