بجلی کا موجودہ بحران پی پی حکومت کا پیداکردہ ہے۔عرفان دولتانہ

منگل 10 مئی 2016 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مئی۔2016ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ بجلی کا موجودہ بحران پی پی حکومت کا پیداکردہ ہے۔ صنعتوں کے پہیے کی بندش اور گھروں میں اندھیرے کی ذمہ دار پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت ہے۔پیپلزپارٹی کی ناکام حکومت نے عوام کومعاشی طور پر بدحال کر دیا۔ عوام سے روٹی کپڑا اور مکان کی سکت چھین لی گئی۔

بجلی کے بحران کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں رک گئیں۔ مسلم لیگ (ن) نے برسراقتدار آ کر بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے سرتوڑ کوششیں کیں اور ملک میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے متعدد پراجیکٹس شروع کئے۔ پیپلزپارٹی بدانتظامی کی وجہ سے اپنے دورحکومت میں بجلی کی پیداوار کا کوئی پراجیکٹ شروع نہ کر سکی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کے لئے صوبہ بھر میں گیس‘ آئل‘ شمسی توانائی اور کوئلے سے چلنے والے متعددمنصوبے شروع کرا ئے۔

(جاری ہے)

قائد اعظم سولرپارک سمیت دیگر پراجیکٹس سے بجلی کی پیداوار شروع بھی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے دور حکومت میں مالامال ہونے والوں کے منہ سے دوسروں پر مال بنانے کاالزام جچتا نہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب بھر میں نہ صرف توانائی پراجیکٹس شروع کرائے بلکہ سابقہ حکومت کے برعکس اربوں روپے کی بچت بھی کی۔