پی ٹی وی ، پارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزمان کی جانب سے پاور آف اٹارنی اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرا دی گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 10 مئی 2016 12:48

پی ٹی وی ، پارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزمان کی جانب سے پاور آف اٹارنی اسلام ..

اسلام آباد (ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10مئی۔2016ء) پی ٹی وی ، پارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزمان کی جانب سے پاور آف اٹارنی اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرا دی گئی ، عدالت نے پیش ہونے سے قاصر ملزمان کو حاضری سے معافی کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ پی ٹی وی پارلیمنٹ ہاوس حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے کی۔

تیس ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ، ملزمان کے وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ مقدمہ میں دھرنے کے دوران کارکنوں پر دہشتگردی کی دفعہ لگائی گئی ، سیاسی کارکنوں کو دہشتگرد بنانا ناانصافی ہے ، 132 کارکنان ضمانت پر ہیں ، دو مقدمات میں ملزمان کی جانب سے پاور آف اٹارنی جمع کرا دی گئی۔

(جاری ہے)

عدالت سے استدعا ہے کہ کیس کو جلد نمٹانے کے لیے ایک ہفتہ کی تاریخ دی جائے۔

فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ کم وقت کی تاریخ دینا چاہتا ہوں لیکن سب ملزمان پیش نہیں ہوتے ، جو ملزمان پیش نہیں ہو سکتے وہ حاضری سے معافی کی درخواست دائر کریں۔ مقدمہ نمبر 182 اور 185 میں ملزمان کی غیر حاضری پر پراسیکیوٹر نے ضمانتیں خارج کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ مقدمے کی سماعت23 مئی تک ملتوی ، آئندہ سماعت پر ملزمان کی بریت کی درخواست پر بحث کی جائے گی۔