سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بازیاب کروا لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 10 مئی 2016 12:47

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بازیاب کروا ..

اسلام آباد (ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10مئی۔2016ء) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرالیا گیا۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق علی حیدر گیلانی کو افغانستان کے صوبے غزنی سے بازیاب کرایا گیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کے مطابق افغان سیکورٹی فورسز نے افغانستان کے صوبہ غزنی میں طالبان کے خلاف آپریشن کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق افغان سفیر نے کی ہے۔ اس سے قبل سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے کو بھی افغانستان سے ہی بازیاب کرایا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر پیغام جاری کیا ہے کہ علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرا لیا گیا ہے - اطلاعات کے مطابق علی حیدر گیلانی کی صحت نسبتاً خراب ہے جس پر انہیں میڈیکل چیک اپ کے لیے کابل لیجایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے بتایا کہ میڈیکل چیک اپ کے بعد علی حیدر گیلانی کو پاکستان روانہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب افغانستان کے سلامتی مشیر نے پاکستان کے مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ علی حیدر گیلانی کو افغان سکیورٹی فورسز اور امریکی سکیورٹی فورسز کی غزنی میں مشترکہ کارروائی میں بازیاب کروایا گیا۔ یاد رہے کہ علی حیدر گیلانی کو 9 مئی 2013 کو ملتان سے اغوا کیا گیا تھا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملک کے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کو افغانستان میں ایک آپریشن کے نتیجے میں بازیاب کروا لیا گیا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان صدر کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمت نے مشیرِ خارجہ سرتاج عزیز کو ٹیلی فون پر مطلع کیا ہے کہ علی حیدر کی بازیابی افغان اور امریکی افواج کے مشترکہ آپریشن کے نتیجے میں عمل میں آئی۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی علی حیدر گیلانی کو صوبہ غزنی سے بازیاب کرانے کے لیے کی گئی تھی اور اب علی گیلانی کو طبی معائنے کے بعد پاکستان منتقل کر دیا جائے گا۔گذشتہ برس مئی میں علی حیدر گیلانی کی ایک نامعلوم مقام سے اپنے والد سے8 منٹ تک فون پر بات کرائی گئی تھی۔اس وقت علی حیدر کا کہنا تھا کہ وہ اِس سے پہلے جس مقام پر تھے وہاں حالات اچھے نہیں تھے اور اکثر ڈرون حملے ہوا کرتے تھے۔

علی حیدر گیلانی کے اغوا کے بعد کئی بار میڈیا میں یہ خبریں آئی تھیں کہ یوسف رضا گیلانی کو ا±ن کے بیٹے کی خیریت کے حوالے آگاہ رکھا جاتا ہے۔اپریل 2014 میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو ملی تھی جس میں ا±ن کا کہنا تھا کہ ا±نھیں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے نہیں بلکہ ایک اور گروہ نے اغوا کیا۔تاحال یہ واضح نہیں کہ علی حیدر گیلانی کو کس گروپ کی قید سے آزاد کرایا گیا تاہم عام طور پر تاثر یہی رہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کو طالبان نے اپنی قید میں رکھا ہوا تھا۔