اربوں ر وپے کے قرضے معاف کرانے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا،شفاف طریقے سے میرٹ پر 50 ہزارگاڑیاں تقسیم کر کے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے، تین لاکھ افراد کو براہ راست روزگار ملا ہے، رزق حلال کمانیوالے عظیم پاکستانی تو قرضے ادا کریں لیکن اربوں کے اثاثے رکھنے والے قرضے معاف کرا لیں یہ ملک کیساتھ سرا سرا زیادتی ہے،قرض معاف کرانیوالوں کواحتساب کے کٹہرے میں لانا ہو گا تاکہ انکی آئندہ نسلیں یاد رکھیں کہ ان ’’بڑوں‘‘ نے پاکستان کو کس طرح کھوکھلا کیا ہے

اپنا روزگار سکیم کے تحت 31 ارب روپے سے بے روزگار نوجوانوں میں50 ہزارگاڑیاں تقسیم کرنے کاعمل مکمل

پیر 9 مئی 2016 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے 31 ارب روپے کی لاگت سے بے روزگار نوجوانوں میں شفاف طریقے سے میرٹ پر اپنا روزگار سکیم کے تحت 50 ہزارگاڑیاں تقسیم کر کے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے اور اس سکیم کے تحت تین لاکھ افراد کو براہ راست روزگار ملا ہے - گاڑیوں پر ریکوری تقریبا سو فیصد ہے - محنت اور جدوجہد کے ذریعے رزق حلال کمانے والے عظیم پاکستانی تو قرضے ادا کریں لیکن اربوں کھربوں کے اثاثے رکھنے والے ، آف شور کمپنیوں،محلات اور کارخانوں کے مالکان قرضے معاف کرا لیں تو یہ ملک و قوم کے ساتھ سراسر زیادتی ہے-پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لئے ایسے لوگوں کو انصاف اور احتساب کے کٹہرے میں لانا ہو گا جنہوں نے لوٹ مار ، کرپشن اور اربوں روپے کے قرضے معاف کراکرملک کو کنگال کیا ہے تاکہ دنیا اور ان کی آئندہ نسلیں یاد رکھیں کہ پاکستان کو ان ’’بڑوں‘‘ نے کس طرح کھوکھلا کیا ہے - پنجاب اور وفاق نے ملکر مختلف منصوبوں میں غریب قوم کے 215 ارب روپے کی بچت کر کے اعلی مثال قائم کی ہے - اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے پربھی بعض سیاستدانوں نے غلط بیانی کی - الزام تراشی اور دروغ گوئی سے قومیں نہیں بنتیں-حال ہی میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے ایک سیاستدان نے مری کے گھر پر 43 کروڑ روپے خرچ کرنے کا الزام لگایا ہے حالانکہ یہ رقم کسی کی ذاتی رہائش گاہ پر نہیں بلکہ گورنر ہاؤس مری پر خرچ کی جا رہی ہے - لہذا اس بارے میں جھوٹ بولنے والے خدا خوفی کریں۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو ایوان وزیر اعلی میں ’’اپنا روزگار سکیم‘‘کے تحت صوبے کے بے روزگار نوجوانوں میں 50 ہزار گاڑیوں کی تقسیم کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایم پی اے شیخ علاؤالدین ، پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ و ایم پی اے نواز چوہان ، ایم ڈی پاک سوزوکی موٹر کمپنی ، چیف سیکرٹری ، سکیم کے تحت گاڑیاں حاصل کرنے والے اور کالم نگاروں و دانشوروں نے تقریب میں شرکت کی-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تاریخ کا آج ایک اور اہم دن ہے جب بے روزگار نوجوانوں میں 50ہزار گاڑیوں کی تقسیم کا ایک اور سنگ میل طے کیا جا رہا ہے - ان گاڑیوں کی تقسیم انتہائی شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر ہوئی ہے اور اس سکیم پر 31 ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں - اپنا روزگار سکیم کے لئے قرضہ بنک آف پنجاب نے دیا جبکہ سروسز چارجز پنجاب حکومت برداشت کر رہی ہے - کمپنی سے بات چیت کر کے 40 ہزار روپے فی گاڑی کم کرائے گئے ہیں جس سے2ارب روپے کی بچت ہوئی - گاڑیوں کے لئے پرزے جاپان سے آتے ہیں - روپے کے مقابلے میں جاپانی کرنسی (ین)سستی ہونے کا بھی بھرپور فائدہ اٹھایا گیا اوراس طرح 50کروڑ روپے بچائے گئے اور مجموعی طور پر اس سکیم میں اڑھائی ارب روپے کی بچت کی گئی- اپنا روزگار سکیم کی طرح پنجاب حکومت نے عوام کی فلاح کے اور بھی متعدد منصوبے کامیابی سے آگے بڑھائے ہیں - پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈکے تحت جون تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد مالی مشکلات سے دوچار بچے اور بچیاں ملکی اور غیر ملکی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہی ہوں گی- یہ حکومت پنجاب کا ایک ایسا انقلاب آفرین اقدامات ہے جس سے غریب گھرانوں کے چشم و چراغ علم کے نور سے منور ہو رہے ہیں - ان میں سے بعض ڈاکٹر، بعض انجینئراور بعض اساتذہ بن رہے ہیں- بلاسود قرضوں کی فراہمی حکومت پنجاب کا ایک اور انقلابی اقدامات ہے جس کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے قرضے فراہم کئے گئے ہیں- خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت دیہاتوں میں ہزاروں کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی کاکام مکمل کر لیا گیا ہے اور آئندہ دو سالوں میں 117 ارب روپے کی لاگت سے جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے- انہوں نے کہا کہ صوبے میں میرٹ اور شفافیت پر مبنی نظام کو رواج دیا گیا ہے جس کا کریڈٹ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے - وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں وفاق اورپنجاب میں فلاح عامہ کے منصوبوں پر دن رات کام ہو رہا ہے - انسان ہونے کے ناطے غلطی ہو سکتی ہے تا ہم پوری دیانتداری سے وسائل کی ایک ایک پائی شفاف طریقے سے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر ہے ہیں - اورنج لائن میٹروٹرین کے عوامی منصوبے پر میڈیا کے بعض حصوں اور بعض سیاستدانوں نے غلط بیانی سے کام لیااور ایک سیاستدان نے تو مفاد عامہ کے اس منصوبے پر اربوں روپے کی الزام تراشی بھی کر ڈالی - اگر ان کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائیں یا اپنے الزامات عدالت میں جا کر ثابت کریں - الزام تراشی اور دروغ گوئی سے قومیں توانا نہیں بنتیں- لیڈر کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ سچ بولے - لوگوں کو گمراہ کرنے کی بجائے ان کی رہنمائی کرے- انہوں نے کہا کہ 43 کروڑ روپے مری کے گھر پر خرچ کرنے کا الزام لگانے والے خدا خوفی کریں، آپ ابھی عمرہ کر کے آئیں اور جھوٹ بولنا شروع کر دیا ہے - یہ رقم کسی کی ذاتی رہائش گاہ پر نہیں بلکہ سرکاری گورنر ہاؤس پر خرچ کی جا رہی ہے - خدا را، پاکستان پررحم کریں ، آپ کے جھوٹ سے قائد اور اقبال کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی کہ ان کے پاکستان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے - یہ وقت اتحادواتفاق کے ساتھ پاکستان کی خدمت کرنے اور اسے آگے لیجانے کا ہے - انہوں نے کہا کہ میری میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ وہ غلط کو غلط ضرور کہیں تا ہم صحیح کو صحیح بھی کہیں - جہاں کرپشن ہو ، لوٹ مار کی گئی ہو اور کوئی کوتاہی ہو تو اسے ضرور سامنے لائیں لیکن جہاں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اچھا کام ہو اس کی بھی تحسین کی جانی چاہیے تا کہ لوگوں کا شعور اجاگر ہو - انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کے سیکرٹری کے گھر سے کروڑوں روپے برآمد کرنے والے اداروں کو شاباش دیتا ہوں - کرپشن کی بھرپور گرفت ہونی چاہیے اور یہ قومی ذمہ داری بھی ہے لیکن بے بنیاد الزامات سے معاشرے میں ضعف اور غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں-پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ حقائق قوم کے سامنے لائے- انہوں نے کہا کہ ہم نے ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے 215 ارب روپے بچائے ہیں - میں چیلنج کرتا ہوں کوئی لیڈر ، صحافی ، تجزیہ کار ، جج اور پولیس آفیسر اسے غلط ثابت کر دے تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہو گا- گزشتہ 69 سالوں میں کونسا ایسا دور ہو گا جس میں قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہوں- 215 ارب روپے کی بچت تو دور کی بات ہے کسی نے 215 پیسے بھی بچائے ہیں تو اس کی مثال بتادیں-ترقیاتی منصوبوں میں 215 ارب روپے کی بچت وزیر اعظم محمد نواز شریف ، پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پوری قوم کی جیت ہے - انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھنا ہے تو غریب کے سر پر دست شفقت رکھنا ہو گااور محروم معیشت طبقات کی فلاح وبہبود کیلئے فلاحی پروگراموں کو آگے بڑھانا ہو گا- پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے ضائع ہونیوالے وقت کی تلافی کرنا ہوگی اگر ہم آج کمربستہ ہوجائیں تو پاکستان کی تقدیرضرور بدلے گی اور پاکستان عظیم ملک بنے گا۔

میں اپنا روزگار سکیم کے تحت بے روزگار نوجوانوں میں 50 ہزارگاڑیوں کی تقسیم کی تکمیل پر حکومت پنجاب ، اراکین اسمبلی ، پنجاب کابینہ، چیف سیکرٹری ، محکمہ ٹرانسپورٹ ، ایم پی اے شیخ علاؤالدین ، پاک سوزوکی کمپنی اور پوری ٹیم کا شکرگزار ہوں جن کی شبانہ روز محنت سے یہ سکیم کامیابی سے ہمکنا ر ہوئی ہے- انہوں نے کہا کہ انشاء اﷲ محنت، امانت ، دیانت کے ذریعے پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے اور ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے -ایم پی اے شیخ علاؤالدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا روزگار سکیم خدمت خلق کے حوالے سے ایک بڑا اقدام ہے - شہباز شریف کی محنت اور ویژن کی بدولت اس سکیم کے تحت 3 لاکھ لوگوں کو براہ راست روزگار ملا ہے - اس سکیم کے تحت ایک لاکھ 51 ہزار لوگوں نے درخواستیں دی تھیں- اپنا روزگار سکیم میں جنوبی پنجاب کیلئے10فیصد زائد کوٹہ رکھا گیا اوراس پر پوری طرح عملدر آمد کیا گیا-پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے کہ 50 ہزار گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہیں - سکیم کی تکمیل پر پاک سوزوکی کمپنی نے پنجاب حکومت کو 2 کروڑ روپے مالیت کی موٹرسائیکلوں کا بھی تحفہ دیا ہے -بنک آف پنجاب کے صدر نعیم الدین خا ن نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا ویژن عوام کی خدمت ہے اور یہ سکیم ان کے اسی ویژن کی عکاس ہے - پہلے مرحلے میں بے روزگار نوجوانوں میں 20 ہزار پیلی ٹیکسیاں دی گئیں جن کی ریکوری 99.99 فیصد ہے - اسی طر ح گرین کیب کی ریکوری بھی سو فیصد ہے - ایم ڈی پاک سوزوکی کمپنی نے کہا کہ حکومت پنجاب اور بنک آف پنجاب نے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے اپنا روزگار سکیم شروع کر کے بڑا اہم قدم اٹھایا ہے اور ہمیں پنجاب حکومت کیساتھ ملکر کام کرنے پر فخر ہے -پنجاب کیساتھ آئندہ ایسی سکیموں کیلئے بھی بھرپور تعاون کے لئے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :