Live Updates

عمران خان کی تحریک ’’کرپشن ختم کرو،ملک بچاؤ‘‘نہیں ’’کرپٹ بچاؤ،جہاز اڑاؤ اور اے ٹی ایم چلاؤ ہے، اپوزیشن کے ٹی او آرزٹرم آف ریفرنسز نہیں بلکہ ٹرمز آف ریوینج ہیں،، عمران خان کی پشاور جلسی میں خاتون سے بدسلوکی عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت کیلئے باعث شرم ہے

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں دانیال عزیز ،طلال چوہدری اور مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

پیر 9 مئی 2016 22:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں دانیال عزیز ،طلال چوہدری اور مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی دونوں اے ٹی ایم مشینوں کے نام پانامہ لیکس میں آئے، عمران خان کی تحریک ’’کرپشن ختم کرو،ملک بچاؤ‘‘نہیں بلکہ ’’کرپٹ بچاؤ،جہاز اڑاؤ اور اے ٹی ایم چلاؤ ہے، اپوزیشن کے ٹی او آرزٹرم آف ریفرنسز نہیں بلکہ ٹرم آف ریوینج ہیں، عمران خان کی پشاور جلسی میں خاتون کے ساتھ ہونے والا براسلوک عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت کیلئے شرمناک ہے۔

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ اپوزیشن جیسا باہر رویہ دیکھاتی ہے ویسا بھی اندر ہی دیکھایا اور پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے کک بیکس، کرپشن اور قرضے معاف کرانے کے جامع ٹی او آرز چیف جسٹس کو بھیجے تھے، ان ٹی او آرز پر کسی نے تنقید نہیں کی،صرف قرضے معاف کرانے کی شق پر اعتراض کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن جس قانون کے تحت بننے جا رہا ہے وہ کمزور ہے۔

حکومت کے رویے سے واضح ہے کہ حکومت پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات چاہتی ہے، پرویز الٰہی کے اپنے بچوں کے نام آف شور کمپنیاں ہیں وہ کس منہ سے احتساب کا نعرہ لگاتے ہیں، اب نہ کسی کو میٹرو یا اورنج ٹرین کے معاملے کی فکر ہے نہ کسی کو ایل این جی منصوبے کی، سب کچھ بھول کر اپوزیشن پانامہ لیکس کا راگ الاپ رہی ہے، حکومت احتساب کرنا چاہتی ہے جبکہ اپوزیشن بھاگ رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے سب سے پہلے فیصلہ کیا اور کمیشن کے قیام کا اعلان کیا، اپوزیشن مکر گئی اور چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کا مطالبہ کیا،وزیراعظم نواز شریف نے یہ مطالبہ مان کر چیف جسٹس کو خط لکھا تو اب اپوزیشن ٹی او آرز کا بہانہ کر کے بھاگ رہی ہے، اپوزیشن کے ٹی او آرز ٹرم آف ریفرنسز نہیں بلکہ ٹرم آف ریوینج ہیں، جن کا مقصد صرف وزیراعظم نواز شریف کی ذات ہے۔

حکومت تو سب کے احتساب کی بات کرتی ہے جو بالکل جائز بات ہے لیکن اپوزیشن بھاگ جاتی ہے، جہانگیر ترین نے خود تسلیم کیا کہ آف شور کمپنیاں میرے بچوں کے نام ہیں،قرضے معاف کرانے کا جواب نہیں دوں گا لیکن جہاز بڑے شوق سے اڑاؤں گا، دوسرے علیم خان نے آج پریس کانفرنس کر کے کہا کہ 43 کروڑ کی جائیداد 29 لاکھ میں خریدی ایسا کیسے ہو سکتا ہے۔ عمران خان تو اس معاملے پر جواب نہیں دیں گے کیونکہ یہ دونوں ان کی اے ٹی ایم مشینیں عمران خان کے گھر کی روٹی اور کچن ان ہی کے دم سے چلتا ہے، عمران خان کو جہاز میں سفر کرنے کا شوق 700کنال کے گھر میں رہنے اور عیاشی کرنے کا شوق ہے، ان کی طرف سے ملک بھاڑ میں جائے انہوں نے تو صرف کرپٹ لوگوں کو بچانا ہے ۔

طلال چوہدری نے کہا کہ علیم خان جواب دیں کہ 43کروڑ کی جائیداد 29لاکھ میں کیسے خریدی ۔اپنے دیگر 4اکاؤنٹس کا تو ذکر کیا لیکن اس اکاؤنٹ کا کیوں ذکر نہیں کیا جس سے یو کے پیسے بھیجتے رہے ۔ قرضہ کہا ں سے لیا اور اس کا کیوں نہیں بتایا ۔عمران خان کی تحریک ملک بچاؤ کی نہیں بلکہ کرپٹ بچاؤ اور اے ٹی ایم چلاؤ کی ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف نے خود کو ہر فورم پر احتساب کے لئے پیش کر دیا ہے لیکن اپوزیشن کی طرف سے اس معاملے پر سیاست کی جا رہی ہے ۔

اپوزیشن اینٹی نواز اتحاد کر کے 2018کے الیکشن کی تیاری کر رہی ہے ۔ عمران خان اپنے ساتھیوں کو بچانے کے لئے قرضہ معاف کرانے والوں کے احتساب کی شق ختم کرانا چاہتے ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں جو خاتون کے ساتھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے ۔پشاور میں خاتون کے ساتھ گھٹیا سلوک خیبر پختونخوا حکومت اور تحریک انصاف کے لئے شرمناک ہے ۔

لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں 5سے 10ہزار افراد کی جلسیاں کی گئیں ۔ہر جگہ خواتین کے ساتھ شرمناک سلوک ہوا۔ آج 2000کی جلسی میں خاتون سے گھٹیا سلوک ہوا تو کہا گیا کہ اسے (ن) لیگ نے بھیجا ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف نے بنوں میں لاکھوں کا جلسہ کیا ۔کیا وہاں یا مسلم لیگ کے کسی اور جلسے میں خواتین کے ساتھ ایسا سلوک ہوا ۔ عمران خان خاتون کے ساتھ ہونے والے سلوک اور اپنی بہن علیمہ خان کا نام دبئی لیکس میں آنے پر قوم کو جواب دیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات