سندھ نیشنل تحریک کا کرپشن فری سندھ مہم کے آغاز کا اعلان

اویس مظفر ٹپی اورشرجیل میمن کی اسمبلی رکنیت کے خاتمے کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیاجائیگا،اشرف نوناری

پیر 9 مئی 2016 22:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) سندھ کی قوم پرست جماعت نے بھی کرپشن سے پاک کرپشن فری سندھ مہم کے آغاز کا اعلان کردیا،پی پی پی رکن سندھ اسمبلی اویس مظفر ٹپی اور شرجیل انعام میمن کی رکنیت کے خاتمے کے لئے الیکشن کمیشن سے رابطے کا اعلان،اعلی عدلیہ سے رجوع کرنے کے لئے ماہرین قانون سے بھی مشاورت شروع کردی گئیں،جسقم،جساف،جسام،جست کے کارکن وذمہ داران کی بڑی تعداد نے سندھ نیشنل تحریک میں شمولیت کااعلان کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سندھ کی بڑی قوم پرست جماعت سندھ نیشنل تحریک کے چیئرمین اشرف نوناری نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کرپشن فری مہم کے آغاز کا اعلان کردیا،اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی رہنماء لالا قربان سوڈھڑو،نجیب احمد تھبیو،میراﷲ دادتالپور،جھانگی ملاح ،ناری تحریک کی صدر ڈاکٹر عظمی جوکھیو،ڈاکٹر نسیم اختر بھی موجود تھیں،اشرف نوناری نے کہاکہ پی پی پی کے پی ایس88ٹھٹھہ سے منتخب رکن سندھ اسمبلی اویس مظفر ٹپی اورپی ایس 50حیدرآباد سے منتخب رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن کی اسمبلی رکنیت کے خاتمے کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیاجائیگا،انہوں نے کہاکہ اویس مظفر ٹپی اورشرجیل انعام میمن گزشتہ دوسال سے زائد عرصے سے اپنے حلقے میں آئے اور30سے زائد اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کی ہے جس کے باعث قانون کے مطابق وہ اسمبلی رکن نہیں رہے ہیں،الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ ان کو نااہل قراردے کردوحلقوں میں ضمنی انتخابات کاشیڈول جاری کرے،انہوں نے کہاکہ اگر الیکشن کمیشن نے فوری طور پر نوٹس نہیں لیا تو سندھ نیشنل تحریک دونوں حلقوں کی عوام کے ہمراہ سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کرے گی،اشرف نوناری نے کہاکہ سندھ میں پی پی پی کے منتخب نمائندوں اور جیالوں نے اربوں روپوں کی کرپشن کی ہے سندھ نیشنل تحریک کرپشن اور بھتہ خوری کے خلاف کرپشن فری سندھ کے نام سے سندھ بھر میں مرحلے واراحتجاجی تحریک شروع کررہی ہے،انہوں نے حیدرآباد میں ہونے والے ٹرین حادثوں کی بھی اعلی سطح تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ بظاہر یہ واقعات تخریب کاری لگتے ہیں،اس موقع پرجسقم ٹنڈوالہیار کے فنانس سیکریٹری ڈاکٹر کریم بخش تالپور،جساف ٹنڈوالہیار کے نائب صدرارباب رشید،جسقم ٹنڈوالہیار کے جنرل سیکریٹری باغی کالروں،جئے سندھ تحریک(شفیع کرنانی)کے سابق ضلعی رہنماء رمضان بھلار،جسام ضلع مٹیاری کے آرگنائزجمن سندھی،اوشاق بلوچ،ٹنڈوالہیار کے کامریڈامریش کمار،صحبت چھٹو،قربان علی ڈیشک سمیت ٹنڈوالہیار،مٹیاری حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے کئی شہروں سے تعلق رکھنے والے 200سے زائد مختلف قوم پرست جماعتوں کے کارکنان وذمے داران نے سندھ نیشنل تحریک میں شمولیت کااعلان کیا۔