وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مابین اتوار کو لاہور میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی، بے بنیاد خبروں کی اشاعت اور نشر کرنے سے گریز کیا جائے

پی آئی او راؤ تحسین علی خان کا اخبارات، نیوز ایجنسیوں اور ٹی وی چینلز کے ڈائریکٹر نیوز کو خط

پیر 9 مئی 2016 22:29

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) راؤ تحسین علی خان نے اخبارات، نیوز ایجنسیوں اور ٹی وی چینلز کے ڈائریکٹر نیوز کو ایک خط لکھا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ وہ بے بنیاد خبروں کی اشاعت اور نشر کرنے سے گریز کریں۔ بعض ٹی وی چینلز پر چلائی گئی ایک خبر کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے مابین اتوار کو لاہور کے دورہ کے دوران کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے اس خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ گمراہ کن خبر میں حالیہ سیاسی معاملات پر حکومتی پوزیشن سے متعلق وزیراعظم کے مبینہ مخصوص جملے بھی نشر کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلوں، اخبارات اور نیوز ایجنسیوں کے نمائندگان نے ہفتہ کے اختتام پر جبکہ وزیراعظم کے لاہور کے دورہ، جس میں وہ اپنے اہلخانہ بشمول اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ کچھ وقت گزارتے ہیں، خبر شائع کرنا معمول بنا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معمول کے فیملی کے اجتماع کے بارے میں خبریں شائع کرنا نہایت نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس ہفتہ کے اختتام پر بھی کسی بھی رپورٹر نے وزیراعظم آفس یا وفاقی وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کے کسی بھی افسر سے خبروں کی تصدیق کے حوالہ سے رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ خبروں کی اشاعت اور انہیں نشر کرنے سے گریز کیا جائے۔ پی آئی او نے کہا کہ اس طرح کی خبروں کو شائع یا نشر کرنے سے پہلے وزیراعظم آفس یا وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران بشمول متعلقہ سیکرٹری اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر سے تصدیق کیلئے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔