ایپکا پنجاب کے زیر اہتمام ملازمین کی صوبے بھر میں مطالبات کے حق میں مکمل ہڑتال ،لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا

کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر ، اپ گریڈیشن سے محروم ملازمین کو کلیریکل سٹاف کی طرز پر اپ گریڈیشن کرنے سمیت دیگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ڈے اینڈ نائٹ دھرنا و صوبہ گیر احتجاج کل بھی جاری رہے گا ‘ قائدین کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب

پیر 9 مئی 2016 21:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) ایپکا پنجاب کے زیر اہتمام ملازمین نے صوبے بھر کے تمام اضلاع میں اپنے مطالبات کے حق میں مکمل ہڑتال کی جبکہ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج اور دھرنا دیا گیا ، ملازمین نے ہاتھوں پر پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات اور نعرے درج تھے ، ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں مسلسل نعرے بازی بھی کرتے رہے ، احتجاج کے باعث مال روڈ اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک گھنٹوں جام رہی اور شہری شدید گرمی میں خوار ہوتے رہے جبکہ مختلف مقامات پر شہریوں کے جھگڑے بھی ہوئے ، مال روڈ پر دھرنے میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے بھی شرکت کی اور مطالبات کو جائزہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کو جلد از جلد منظور کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کرے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صوبائی صدر ایپکا پنجاب حاجی محمد ارشاد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت ایپکا کے مطالبات پر مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد یاد ہانیوں اور وعدوں کے باوجود تسلیم نہیں کر رہی اور نہ ہی کسی سیاسی یا حکومتی نمائندہ نے مطالبات مثبت طریقہ سے حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ حکومت کے اس رویے کے خلاف گزشتہ روز پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں ایپکا ملازمین نے مکمل ہڑتال کی اور لاہور میں صبح دس بجے پنجاب اسمبلی ہال چوک پر احتجاج کیا گیا اور دھرنا دیا گیا جس میں ایپکا لاہور ڈویژن کے سینئر نائب صدر لالہ محمد اسلم ، میاں غلام مصطفےٰ ، رانا افتخار ، رانا محمد اشرف ، تنویر اکرم بٹ ، شاہ حسین سمیت لاہور ڈویژن کے تمام محکمہ جات کے سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی ۔

جبکہ دیگر اضلاع سے ملازمین قافلوں کی شکل میں صدر ایپکا قصور محمد افضال ، شیخوپورہ سے محمد اکرم سرویا ، سرگودھا سے چوہدری ممتاز احمد ، فیصل آباد سے امتیاز قتلہ ، بہاولپور سے فخر الرحمن ، رحیم یار خان سے چوہدری محمد بوٹا عابد ، مظفر گڑھ سے وزیر احمد دستی ، ، لیہ سے رانا محمد افضل ، ملتان سے راؤ عبدالقیوم ، خانیوال سے چوہدری شوکت علی ، سیالکوٹ سے سید فدا حسین شاہ ، حافظ آباد سے نصر اﷲ ، جھنگ سے محمد ممتاز منوکہ ، راولپنڈی سے راجہ صدیق ، اوکاڑہ سے عبدالحمید شاد ، گوجرانوالہ سے میاں وسیم احمد سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی ۔

جبکہ ایپکا پاکستان کے مرکزی صدر محمد اسلم خان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے ۔ مال روڈ پر احتجاج میں شرکاء نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر ان کے مطالبات اور نعرے درج تھے ۔ احتجاج کے باعث مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریک کا نظام بھی شدید متاثر ہوا اور ٹریفک جام ہونے سے شہری شدید گرمی میں خوار ہوتے رہے ۔ اس موقع پر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا پاکستان کے صدر محمد اسلم خان ، صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد اور دیگر قائدین نے کہا کہ حکومت ایپکا کے مطالبات پر بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں تسلیم نہیں کر رہی ہے ۔

خام پنجاب سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ وعدہ کے مطابق ایپکا پنجاب کے مطالبات جن میں محکمہ زکوۃ کے ملازمین و دیگر کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنا ، اپ گریڈیشن سے محروم گریڈ 1تا16تک کے تمام ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل کیڈرز کے ملازمین سٹینو گرافرز ، اکاؤنٹنٹ ، سٹسٹیکل اسسٹنٹ ، کمپیوٹر آپریٹر ، سول انجینئر ، ڈرافٹسمین ، سپر وائزر ، سیکرٹری یونین کونسل ، سٹور کیپر ، ڈرائیورز ، نائب صدر ، درجہ چہارم کے ملازمین و دیگر کو بھی خادم پنجاب فوری طور پر کلیریکل سٹاف کی طرز پر اپ گریڈیشن کرنا ، دیگر صوبوں اور پنجاب حکومت کے درمیان سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر پائے جانے والے سال 2013ء میں پانچ فیصد اور 2015ء میں 2.5فیصد ( کل 7.5فیصد ) بلا جواز بلا فرق کو فی الفور خرم کر کے تنخواہوں میں یکساں اضافہ کیا جائے ۔

اس کے ساتھ گروپ انشورنش کی رقم صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کی طرز پر ریٹائرمنٹ پر دی جانی و دیگر کی منظوری بذریعہ نوٹیفکیشن کی جائے وگرنہ ایپکا کا ڈے اینڈ نائٹ دھرنا و صوبہ گیر احتجاج کل ( منگل ) کو بھی مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا ۔ دوران دھرنا پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے بھی شرکت کی اور ایپکا کے مطالبات کق جائز قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کو جلد از جلد منظور کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔ 6گھنٹوں کے مسلسل احتجاج کے باوجود کسی بھی حکومتی نمائندہ نے ایپکا قائدین سے رابطہ نہ کیا اور آخری خبریں آنے تک دھرنا جاری تھا ۔

متعلقہ عنوان :