وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اجلاس،داسو پراجیکٹ کے حوالے سے اراضی کی خریداری کے مسائل جلد حل کرنے میں مدد کی یقین دہانی

اجلاس میں چیئرمین واپڈا ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پانی و بجلی،خیبر پختونخوا کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، صوبائی سیکرٹری قانون اور دیگر حکام کی شرکت،داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ملک اور صوبہ خیبر پختونخوا دونوں کی ترقی کے لئے اہم ہیں : اجلاس میں چیئرمین واپڈا کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 9 مئی 2016 20:44

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اجلاس،داسو پراجیکٹ کے حوالے ..

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09مئی۔2016ء) :وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں 4320میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل داسو ہائیڈڑو پاورپراجیکٹ کی تعمیر کے لئے درکار اراضی کی خریداری میں درپیش مشکلات کو دور کرنے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین واپڈا ظفر محمود ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پانی و بجلی ، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری ، خیبرپختونخوا کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکرٹری قانون ، کمشنرہزارہ ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر کوہستان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شریک ہوئے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے داسو ہائیڈرو پاو ر پراجیکٹ کے لئے اراضی کی خریداری میں حامل رکاوٹوں کو دور کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزارت پانی و بجلی اور واپڈا کواس سلسلے میں اپنی مدد کی یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے درپیش مسائل کو بہت جلد حل کر لیا جائے گا تاکہ اس منصوبے پر تعمیراتی کام کا جلد آغاز کیا جاسکے۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاورپراجیکٹ ملک اور صوبہ خیبر پختونخوا دونوں کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

اس منصوبے کی بدولت سستی پن بجلی کے ذریعے ملکی اقتصادیات مستحکم ہوگی اور خیبر پختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں اقتصادی اور معاشرتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ عالمی بنک کے تعاون سے تعمیر کیا جارہا ہے اور اس کی تکمیل کے لئے ہر ایک دن بہت قیمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر ہر سال قومی نظام کو 12ارب یونٹ سے زائد جبکہ دوسرے مرحلے کی تکمیل پر تقریباً 9ارب یونٹ مزید سستی بجلی حاصل ہوگی۔

جبکہ خیبر پختونخوا صوبہ کو پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں ہر سال اربوں روپے حاصل ہوں گے۔سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ واجبات کی ادائیگی جلد کردی جائے گی۔