اردو لغت کو جدید سائنسی تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا جا رہا ہے،عرفان صدیقی

اردو لغت بورڈ اور قائد اعظم اکادمی کے سربراہوں کا تقرر ایک ماہ میں کر دیا جائے گا۔مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ

پیر 9 مئی 2016 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اردو لغت سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے اسے جدید سائنسی تقاضوں کے مطابق مرتب کیا جا رہا ہے، اس پروجیکٹ کے تحت بچوں کی تعلیم کے لئے 5 ہزار سے زائد الفاظ پر مشتمل لغت، آواز کے ساتھ اردو لغت اور تمام جلدوں کو یکجا کر کے دو لاکھ 60 ہزار الفاظ پر مشتمل دوجلدیں مرتب کی جا رہی ہیں، اردو لغت بورڈ اور قائد اعظم اکادمی کے سربراہوں کا تقرر ایک ماہ میں کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اردو لغت بورڈ، قائد اعظم اکادمی، مزار قائد اور شہر کتاب کے پراجیکٹ کے حوالے سے کراچی میں ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری قومی ورثہ محسن حقانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ اردو لغت بورڈ اور قائد اعظم اکادمی کے سربراہوں کا تقرر ایک ماہ میں کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر قائد اور منی پاکستان ہے اسے پرامن رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اس شہر کی اہمیت کے پیش نظر یہاں ایسے پراجیکٹ شروع کئے جا رہے ہیں جن سے اس شہر کی اہمیت اجاگر ہو اور شہریوں کو ایک پرامن ماحول میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سستی اور معیاری کتابوں کی فراہمی کے لئے ’’ شہر کتاب ‘‘ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس میں ہر عمر کے افراد کے لئے تعلیمی و تفریح اور ادبی سہولتیں میسر ہونگیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ماڈرن آئی ٹی کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ساؤنڈ کے ساتھ اردو لغت ترتیب دے رہے ہیں تاکہ لوگوں کو الفاظ کے صحیح تلفظ اور معنی کا پتہ چل سکے۔ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ قائد اعظم اکادمی جس میں کافی عرصے سے کام نہیں ہو رہا تھا اس کے لئے ہم کافی ادیبوں، دانشوروں، علمی و ادبی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں ان کی رائے سے ہی قائد اعظم اکادمی اور اردو لغت بورڈ کے سربراہوں کا تقرر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے مزار کی تزئین و آرائش کے لئے بھی کام کر رہے ہیں اور اگست 2016ء میں چین کی جانب سے دیا جانے والا 22 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا فانوس مزار میں نصب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :