اپوزیشن کی ہٹ دھرمی پانامہ لیکس کی تحقیقات میں تاخیر کی وجہ ہے، حکومت معاملے کی جلد ا نکوائری کرانا چاہتی ہے ،اپوزیشن معاملے پر سیاست چمکانے کیلئے پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے، پانامہ لیکس میں وزیراعظم کا نام نہیں، پھر بھی اپوزیشن ان کے پیچھے لگی ہوئی ہے

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 9 مئی 2016 20:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ہٹ دھرمی پانامہ لیکس کی تحقیقات میں تاخیر کی وجہ بنی ہوئی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ معاملے کی جلد از جلد تحقیقات ہوں لیکن اپوزیشن اس معاملے پر اپنی سیاست چمکانے کیلئے پوائٹ اسکورنگ کر رہی ہے، پانامہ لیکس میں وزیراعظم کا نام نہیں، پھر بھی اپوزیشن ان کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے چیف سیکرٹری کے کرپشن میں ملوث ہونے پر نیب نے کارروائی کی اور ان کو گرفتار کیا، جس سے پتا چلتا ہے کہ نیب اپنی ذمہ داری اچھی طرح سے ادا کر رہی ہے، نیب پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں بھی کرپشن کے خلاف اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کو کچھ لوگ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں، پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام میں تاخیر کی ذمہ دار اپوزیشن ہے، اپوزیشن ٹی او آرز کی تیاری میں تعاون کرے تو کمیشن کے قیام میں تاخیر نہیں ہو گی۔

سردار یوسف نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے،جس کی ضرورت نہیں، اگر حکومت کی نیت خراب ہوتی تو کمیشن کے قیام کا اعلان کیوں کرتے، حکومت نے اپوزیشن کے مطالبے پر چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کے قیام کیلئے خط لکھا لیکن اب اپوزیشن اس سے بھی بھاگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں وزیراعظم کا نام نہیں آیا، ان کے بچوں کا آیا ہے، پھر بھی اپوزیشن وزیراعظم کے پیچھے لگی ہوئی ہے، حکومت اپنا کام پوری ایمانداری سے کر رہی ہے اور چاہتی ہے کہ کرپشن میں جو کوئی بھی ملوث ہو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔