Live Updates

تحریک انصاف نے رائے ونڈ میں دھرنادیاتو ٹانگیں توڑدینگے ‘جھوٹ کی گردان تحریک انصاف کا معمول بن چکا ہے، اپوزیشن احتجاج کی آڑ میں ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے ، پانامہ لیکس میں اپوزیشن کے ٹی او آر دراصل ڈکٹیشن ہیں ، حکومت کی بات چیت پر آمادگی کو حکومت کی کمزور ی نہ سمجھا جائے، پانامہ لیکس کی دوسری قسط میں عبد العلیم خان کی 11آف شور کمپنیاں بھی آ چکی ہیں ، عمران خان ہوش کے ناخن لیں

ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری کی میڈیا سے گفتگو

پیر 9 مئی 2016 19:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اگر تحریک انصاف رائے ونڈ میں دھرنا دے گی تو ان کی ٹانگیں توڑوں گا،جھوٹ کی گردان تحریک انصاف کا معمول بن چکا ہے اپوزیشن کی ڈیمانڈ پانامہ لیکس پر جوڈیشل کمیشن پر قیام تھاجو پورا ہو چکا ہے ، اپوزیشن احتجاج کی آڑ میں ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے ، پانامہ لیکس میں اپوزیشن نے ٹی او آر میں دراصل ڈکٹیشن دی ہے جو تسلیم نہیں کی جا سکتی ، نوازشریف اپوزیشن سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں مگر اسے حکومت کی کمزور ی نہ سمجھا جائے، پانامہ لیکس کی دوسری قسط میں عبد العلیم خان کی 11آف شور کمپنیاں بھی آ چکی ہیں ، عمران خان ہوش کے ناخن لیں پاکستانی قوم پاگل نہیں ہے وہ قوم کے ساتھ جھوٹ بولنا بند کر دیں۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں زعیم حسین قادری نے کہاکہ یہ نہیں ہو سکتا کہ عبد العلیم خان یہ کہہ کر اپنی جان چھڑوالیں کہ میں اپنا سرمایہ پاکستان لا رہا ہوں ان کو اپنے اس سارے معاملے کا حساب دینا ہو گا کہ وہ کس طرح لوگوں کی زمینوں پر قبضے کرکے لوگوں کو قتل کرواکر اربوں روپے بیرون ملک لے کر گئے قوم ان سے بھی حساب لے گی اور الیکشن کمیشن کے پاس یہ حق ہے کہ وہ عبد العلیم خان کو تاحیات نا اہل قرار دیدے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اب جوڈیشل کمیشن سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے لیکن ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے اور ہر صورت احتساب کے عمل کو مکمل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ مشرف دور میں بھی میرے خلاف 126جھوٹے مقدمات درج ہوئے جن میں سے 42دہشت گرد ی کے مقدمات تھے اور علیم خان اسی پرویزمشرف کے ساتھ مل کر پاکستان سے اپنی دولت بیرون ملک لے کر گئے اور کوئی طاقت مجھے جھوٹے مقدمات سے خوفزدہ نہیں کر سکتی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات