سینیٹ میں متحدہ اپوزیشن وزیراعظم کے آف شور کمپنیوں اور ٹیکس گوشواروں کی تفصیلات نہ دینے پر ایوان سے واک آؤٹ

70کروڑ روپے خفیہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی مگر 7ارب روپے کی خفیہ کمپنیوں میں کی گئی سرمایہ کاری کرنے والوں کو نہیں پکڑا جارہاہے،جب تک وزیراعظم ایوان میں نہیں آئینگے ، اپوزیشن واک آؤٹ کا سلسلہ جاری رکھے گی ، قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کااظہار خیال

پیر 9 مئی 2016 19:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مئی۔2016ء) ایوان بالا (سینیٹ) میں متحدہ اپوزیشن وزیراعظم کی جانب سے آف شور کمپنیوں اور ٹیکس گوشواروں کی تفصیلات نہ دینے پر اور فاٹا کے سینٹرز کا فاٹا اساتذہ کے مسائل نہ حل کرنے پر بیک وقت واک آؤٹ،سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ بلوچستان میں 70کروڑ روپے خفیہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی مگر 7ارب روپے کی خفیہ کمپنیوں میں کی گئی سرمایہ کاری کرنے والوں کو نہیں پکڑا جارہاہے،جب تک وزیراعظم ایوان میں نہیں اپوزیشن علامتی یا مستقل واک آؤٹ کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو ایوان میں موجود وزراء کے توسط سے یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہوں کہ جب سے وہ پنجاب کے وزیراعلیٰ بنے ہیں تب سے لے کر اب تک جمع کرائے گئے ٹیکس گوشوارے ایوان میں پیش کریں۔جن صاحب کے پاس انہوں نے 70کروڑ روپے خفیہ طور پر رکھا اسکے خلاف کارروائی ہوگی اور جنہوں نے 7ارب روپے خفیہ کمپنیوں میں رکھا ہے،ان کو توپکڑا ہی نہیں جارہاہے،جب تک وزیراعظم ایوان میں نہیں آتے ہم ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے،چاہے وہ علامتی ہو یا مکمل وزیراعظم ایوان میں آنے سے احتراز کررہے اور چھپ رہے ہیں۔