ایف بی آر کے او جی ڈی سی ایل کے اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے کے معاملے کو احسن انداز میں حل کرلیا جائے گا، وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال

پیر 9 مئی 2016 18:20

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے او جی ڈی سی ایل کے اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے کے معاملے کو احسن انداز میں حل کرلیا جائے گا۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر عتیق شیخ نے تحریک پیش کی کہ یہ ایوان ایف بی آر کی جانب سے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے اکاؤنٹس سے رقم واپس کرنے کی بناء پر پیدا ہونے والے مالی بحران کے خصوصی حوالے سے او جی ڈی سی ایل کی مالی صورتحال کو زیر بحث لائے۔

(جاری ہے)

تحریک پر بات کرتے ہوئے سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ ایف بی آر نے او جی ڈی سی ایل کے اکاؤنٹس سے بڑی رقم نکال لی جس کی وجہ سے او جی ڈی سی ایل مالی بحران اور مشکلات کا شکار ہوا۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ایف بی آر کا یہ طریقہ مناسب نہیں۔ کراچی کے ایک ادارے کے اکاؤنٹس سے بھی ایف بی آر نے 810 ملین روپے نکلوا لئے جو تنخواہوں کے لئے رکھے گئے تھے۔ وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل کا ایف بی آر کے ساتھ ایک مالیاتی ایشو کافی عرصے سے چل رہا تھا، وزارت خزانہ سے بھی اس معاملے پر بات کی گئی ہے۔ یہ معاملہ بات چیت سے احسن انداز میں حل کرلیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :