اے پی بی ایف کی علاقائی ترقی کیلئے چینی اقدامات اور سی پیک منصوبے کے پس پردہ وژن کی تعریف

پیر 9 مئی 2016 17:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) آل پاکستان بزنس فورم نے چین کی جانب سے علاقائی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی ہے جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ(سی پیک) بھی شامل ہے ۔یہ وسیع البنیاد اقدامات پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے طویل مدتی اقتصادی مفادات کا تحفظ کرینگے۔ آل پاکستان بزنس فورم نے چینی صدر Xi Jinping کے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے اراکین سے حالیہ خطاب کو بھی سراہا ہے جس میں انہوں نے چین کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 21ویں صدی کی میری ٹائم سلک روٹ کی ترقی کے ذریعے پورے خطے کی معاشی سرگرمیوں کومزید تیز بنایا جائیگا اور جدید تجارت ، انفرا اسٹریکچر نیٹ ورک اور اقتصادی بیلٹ کے ذریعے ایشیا کو یورپ اور افریقہ سے ملایا جائیگا جس کے نتیجے میں 4ارب40کروڑ لوگ اور 60سے زائد ممالک کو فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

چینی صدر کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ چین کا ون بیلٹ وژن نہ صرف چین کے طویل مدتی اقتصادی مفادات کا تحفظ کرے گا بلکہ اس سے خطے کے دیگر ممالک کی معیشتوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی کا کہنا ہے کہ ہم سرحد پار تجارت میں اضافے کیلئے چین کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہیں اور سی پیک منصوبہ سیاسی اور تاریخی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور یہ منصوبہ علاقے میں گیم چینجر ثابت ہوگا اور اس منصوبے کے نتیجے میں خطے میں کاروباری،سیاسی،تاریخی اور ثقافتی رابطوں میں اضافہ ہوگا۔

اس منصوبے سے نہ صرف صنعتی اور توانائی کے شعبے میں نئے منصوبوں کی راہیں ہموار ہونگی بلکہ نئی ریلوے لائنیں اور سڑکیں بھی تعمیر ہوں گی اور خاص کر ایسے علاقوں میں ترقی ہوگی جہاں اس وقت اقتصادی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔آل پاکستان بزنس فورم اس منصوبے کی کامیابی کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور خطے میں بڑی تجارتی آرگنائزیشنز اور انٹر پرینیورز میں رابطوں کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے تیار ہے ۔

متعلقہ عنوان :