سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات ثناء اﷲ امان نے پیر کو چڑیا گھر چوک میں فلاور کلاک پر کام کا افتتاح کردیا

سی ڈی اے شعبہ ماحولیات کے افسران بھی موجود تھے، پھولوں سے سجایا جانے والا فلاور کلاک ماہ تک مکمل ہو جائیگا اسلام آباد کے تمام پارکوں کو صاف ستھرا اور مختلف پھولوں سے سجائیں گے ٗ ثناء اﷲ امان

پیر 9 مئی 2016 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات ثناء اﷲ امان نے پیر کو چڑیا گھر چوک میں فلاور کلاک پر کام کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے شعبہ ماحولیات کے افسران بھی موجود تھے، پھولوں سے سجایا جانے والا یہ فلاور کلاک ایک ماہ تک مکمل ہو جائے گا اس پر 70لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات ثناء اﷲ امان نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل اور ممبر ایڈمن نے اسلام آباد کی خوبصورتی کے حوالے سے جو پراجیکٹ شروع کیے ہیں انہیں جلد از جلد مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی خوبصورتی کے لئے سی ڈی اے نے جو ماسٹر پلان تیار کیا ہے اس پر جلد کام شروع ہو گااس ماسٹر پلان کے تحت 10میگا پراجیکٹ کے اوپر سی ڈی اے کام کرے گا جو آئندہ ایک سال کے اندر اسے مکمل کریگا ثناء اﷲ امان نے کہا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کے مختلف چوکوں کو سجانے کیلئے خوبصورت فلاور کلاک لگائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے پہلے مرحلے میں سی ڈی اے نے چڑیا گھر چوک میں فلاور کلاک کا افتتاح کیا جسے ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائیگا اس پر 70لاکھ روپے کی لاگت آئیگی انہوں نے کہا کہ اس کے بعد گولڑہ چوک اور روات چوک پر بھی خوبصورت پھولوں سے فلاور کلاک لگانے کا کام جلد شروع کیا جائیگا انہوں نے کہاکہ ان فلاور کلاک لگانے کا مقصد مختلف چوکوں کو خوبصورت اور دلکش بنانا ہے تا کہ ان چوکوں سے گزرنے والے لوگوں کے لئے ایک خوبصورت نظارہ پیش کر سکیں۔

ممبر ماحولیات نے کہا کہ چیئرمین معروف افضل کی ہدایت پر سی ڈی اے اسلام آباد کو خوبصورت اور سرسبزو شاداب بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام پارکوں کو صاف ستھرا اور مختلف پھولوں سے سجائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے تمام چوراہوں، شاہراہوں، گرین بلٹس اور دیگر ایریاز کو بھی صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنائیں گے تا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :