مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراطلاعات پرویز رشید نے تین روزہ قدیم پاکستان نمائش کا افتتاح کر دیا

پاکستان کی قدیم تہذیب برداشت اور بردبار پر مبنی ہے ٗ طارق فاطمی اور اعزاز چوہدری کی گفتگو

پیر 9 مئی 2016 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امورسرتاج عزیز اور وزیراطلاعات پرویز رشید نے تین روزہ قدیم پاکستان نمائش کا افتتاح کر دیا ہے جبکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان قدیم تہذیبی ورثہ کا امین ہونے کی حیثیت سے قریبی علاقائی تعلقات کے لئے وسیع مواقع پیش کرتا ہے۔ پیر کو وزارت خارجہ میں وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید کے ہمراہ تین روزہ قدیم پاکستان نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد دنیا کو پاکستان کے عظیم ثقافتی ورثہ سے روشناس کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدیم پاکستان نمائش میں نہ صرف نوادرات کے نمونے رکھے گئے ہیں بلکہ اس میں قدیم لوگوں کی تاریخ بیان کی گئی ہے جنہوں نے اس ملک کے مرغزاروں، کھیتوں، پہاڑوں، صحراؤں اور وادیوں میں اپنی زندگی بسر کی، دنیا کے اس حصے کے لوگوں نے انسانی تہذیب پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء، وسطی ایشیاء اور مغربی ایشیاء کے سنگم پر واقع ہے جو ثقافت کے فروغ کے ذریعے علاقائی تعلقات میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان کی قدیم تہذیب برداشت اور بردبار پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برداشت اور ثقافتی تہذیب ہونے کی حیثیت سے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی ثقافتی ورثے کو فروغ دیں۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ دنیا کو اس سے سات ہزار سال پرانی نایاب اور قیمتی تہذیب کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے سفیروں کی اپنے اپنے ملکوں میں پاکستان کی قدیم تاریخ کے فروغ اور اجاگر کرنے کے لئے ایسی نمائش کے انعقاد میں گہری دلچسپی کو سراہا، نمائش میں اسلام آباد میں مقیم سفیروں اور صنعتکاروں نے شرکت کی۔ یہ نمائش 11مئی تک جاری رہے گی۔