پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاو نٹس کمیٹی کو فعال بنانے کیلئے درخواست پر اٹارنی جنرل ،ایڈووکیٹ جنرل سے جواب طلب

پیر 9 مئی 2016 16:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاو نٹس کمیٹی کو فعال بنانے کے لئے دائر درخواست پر اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل سے جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کے وکیل شیرا زذکاء نے موقف اپنایا کہ حکومت نے پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹیوں کو غیر فعال کر دیا جس کی وجہ سے پبلک اکاونٹس کمیٹیوں کے روبرو ضلعی حکومتوں کی آڈٹ رپورٹس پیش نہیں کی گئیں۔

شیزار ذکاء ایڈووکیٹ نے الزام لگایا کہ ضلعی حکومتوں کے بجٹ میں دو سو ارب روپے کی خود برد کا خدشہ ہے۔دوران سماعت آڈیٹر جنرل کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ ضلعی حکومتوں کا آڈٹ کر کے رپورٹ گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔وفاقی حکومت اورحکومت پنجاب کے وکلا ء نے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت23 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔