گندم خریداری مراکز پر باردانہ کی تقسیم اور گندم کی خریداری کے عمل کو ہر صورت شفاف بنایا جائے‘ خالد عیاض خان

پیر 9 مئی 2016 16:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہاہے کہ محکمہ خوراک پنجاب کے حکام کو گندم خریداری مراکز پر بار دانہ کی تقسیم اور گندم کی خریداری عمل کو کو شفاف بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے،گندم خریداری کے عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی پائی جانے پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات راجن پور ، کوٹ مٹھن او رفاضل پور کے گندم خریداری مراکز کے اچانک دورہ کے دوران کہی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ خالد عیاض خا ن نے گندم خریداری مراکز پر موجود کاشتکاروں سے گندم کی قیمت فروخت اور وزن کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل بارے دریافت کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں سے ان کی پیداوار کا دانہ دانہ خریدا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔خالد عیاض خان نے کہاکہ کاشتکار حضرات گندم کی فروخت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی دشوار ی کی صورت میں خصوصی طور پر قائم کئے گئے شکایات سیل میں اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے مذکورہ علاقوں میں قائم خریداری مراکز کے دورہ کے دوران موقع پر موجود محکمہ خوراک کے حکام کو گندم خریداری کے حوالے سے ہدایات دی اور گندم خریداری پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے۔