سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، گینگ وار کے دو کارندے ہلاک

پیر 9 مئی 2016 15:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس مقابلوں میں گینگ وار کے دوکارندے مارے گئے جبکہ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے گینگ وار کے کارندوں سمیت9ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اتواراورپیر کی درمیانی شب کلری پولیس سے مبینہ مقابلے میں لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کا اہم کمانڈرنقیب عرف مایا مارا گیا۔

ایس ایس پی سٹی فدا حسین جانوری کے مطابق ہلاک ملزم 12 افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور گرنیڈ حملوں میں ملوث تھا۔اسی دوران نیپئر پولیس سے مقابلے میں لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کا کارندہ مصطفی بھی مارا گیا۔مارا جانے والا ملزم پولیس کو بھتہ خوری ، قتل اوراقدام قتل سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سٹی ڈسٹرکٹ پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کر لیاری گینگ وار کے 3 ملزمان کامران ،انیس اور زوہیب کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار تینوں ملزمان گزشتہ روز لیاری میں ہونے والے دستی بم حملے میں ملوث تھے۔یاد رہے کہ مذکورہ دستی بم حملوں میں 14 افراد لہو لہان ہو گئے تھے۔ادھر ملیر سٹی پولیس نے ملیر آسو گوٹھ میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مار کر لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کے اہم ملزم یاسین عرف ماما گڈی کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ ادھر گارڈن پولیس نے دو اسٹریٹ کرمنلز ذیشان عرف شانی اور اسد عرف رئیس کو گرفتار کر لیا جبکہ پاکستان بازار انویسٹی گیشن پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان افضل،وقاص اور محمد رئیس کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور مومن آباد کے علاقے سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے ۔

متعلقہ عنوان :