پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں20کروڑ کا فراڈ ،پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع

پیر 9 مئی 2016 15:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں 20کروڑ کے فراڈ پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔ اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے دعوے کررہی ہے جبکہ پنجاب حکومت کے ماتحت اداروں تعلیم، صحت، زراعت ،پبلک ہیلتھ و دیگر اداروں میں ریکارڈ کرپشن ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے عوام لوڈ شیڈنگ کا عذا ب بھگت رہے ہیں جبکہ پاور ڈیپارٹمنٹ میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے اقدامات کرنے کی بجائے کروڑوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے اور محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں کروڑوں روپے فراڈ کی ابتدائی رپورٹ بھی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ارسال کردی ہے ۔اینٹی کرپشن رپورٹ کے مطابق بوگس بلوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی رقم نکلوائی گئی ہے ۔خدیجہ فاروقی نے اپنی تحریک التوائے کار میں مطالبہ کیا کہ پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں کروڑوں روپے کے فراڈ کی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور خرد برد کی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔