تھیلی سیمیا کے مرض میں مبتلا بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں‘ڈاکٹر محمدیوسف

پیر 9 مئی 2016 13:17

مردان۔09 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) خدائی خدمتگار ڈاکٹر محمد یوسف یوسفزئی نے کہا ہے کہ تھیلی سیمیا کے مرض میں مبتلا بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور ہمیں ہر سطح پر ان کی حوصلہ افزائی سے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن مردان میں تھیلی سیمیا ویلفیئر آرگنائزیشن اور زلمے کول فاوٴنڈیشن مردان کے زیر اہتمام بلڈ ڈونیشن کیمپ سے بطورِ مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جس کی صدارت انجمن تنظیم تاجران پار ہوتی کے صدر ملک نجیب خان کر رہے تھے، اس موقع پر پولیس کے جوانوں نے خون کے عطیات فراہم کئے۔ تقریب سے زلمے کول فاوٴنڈیشن کے چیئرمین عبد الناصر، وائس چیئرمین تکیم الحق، ملک شہباز اور سجاد ہوتی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ تھیلی سیمیا مرض کے بڑھتے ہوئے شرح میں کمی کرنے کے لئے حکومت اور سول سوسائٹی کو مل کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مغربی ممالک میں تھیلی سیمیا بیماری کی شرح انتہائی کم یا نہ ہونے کے برابر ہے۔ کیونکہ اُن ممالک میں ملکی سطح پر اس سلسلے میں عوام میں اس سے متعلق بیداری کی بھر پور عوامی مہم کو کامیابی سے چلایا گیا ہمیں بھی ایسے مہم کو چلانے کی ضرورت ہے۔