ہری پور،بالڈھیر فیڈر پر لائنوں کی تبدیلی کے پہلے مرحلہ پر کام کا آغاز

پیر 9 مئی 2016 13:11

ہری پور۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) بالڈھیر فیڈر پر لائنوں کی تبدیلی کے پہلے مرحلہ پر کام کا آغاز ہو گیا ہے،جس سے اہلیان علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بالڈھیر فیڈر پر پرانی و بوسیدہ لائنوں کے باعث یونین کونسلز شاہ مقصود، بگڑہ، بانڈی شیر خان اور جبری سمیت دیگر دیہاتوں میں لوڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے کئی کئی روز بجلی کی سپلائی معطل رہتی تھی جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔

مذکورہ مسائل کے پیش نظرمسلم لیگ (ن) کے تحصیل رکن سجاد خان بگڑہ کی قیادت میں عمائدین کے ایک وفد نے یکم جون2015ء کو اس وقت ہری پور سے قومی اسمبلی کے رکن عمر ایوب خان سے ملاقات کر کے بجلی کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا جس پر عمر ایوب خان نے بالڈھیر فیڈر پر پرانی لائنیں تبدیل کر کے 11 کے وی کی نئی لائنیں ڈالنے کیلئے اپنے فنڈز میں سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ریلیز کروائے اور مذکورہ وفد کی محکمہ واپڈا کے ایس ای ہزارہ قاضی طاہر سے ملاقات کروائی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد محکمانہ پراسس مکمل ہونے کے بعد فیزون کے تحت بستی شیر خان تا بگڑہ تاروں کی تبدیلی کا کام شروع ہوگیا ہے، اسی منصوبہ کے فیز ٹو میں کانگڑہ گرڈ سٹیشن تا لورہ چوک 11 کے وی کی لائنیں بچھائی جائیں گی، مذکورہ منصوبہ کی تکمیل پر بالڈھیر فیڈرکے علاقوں میں ہیوی لائنیں بچھائی جائیں گی۔واپڈا ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقوں میں لائنوں کو تبدیل کر کے 11 کے وی لائنیں بچھانے سے مستقل بنیادوں پر بجلی کے مسائل حل ہو جائیں گے، صارفین کو ٹرپنگ، لائنیں ٹوٹنے اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نجات ملے گی اور محکمہ کو لائن لاسز سے بھی چھٹکارا مل سکے گا۔

بالڈھیر فیڈر کے مختلف علاقوں کے صارفین اور مکینوں نے سابق وزیرمملکت برائے خزانہ و مسلم لیگ (ن) کے رہنما عمر ایوب خان کو بجلی کے مسائل حل کرنے کیلئے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کروانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔